Live Updates

صوبائی وزیر صنعت سے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں ایوان صنعت و تجارت وہاڑی کے وفد کی ملاقات

صوبے میں سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ ہوگی‘صوبائی وزیر اسلم اقبال

منگل 15 جنوری 2019 20:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں ایوان صنعت و تجارت وہاڑی کے وفد نے ملاقات کی جس میںنئی صنعتی پالیسی ، سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ کے امور پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر معیشت کو مضبوط بنانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے اور وزیراعظم کے وژن کے مطابق صنعت کاری کے عمل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ برآمدات بڑھائے بغیر قومی معیشت کو مضبوط نہیں کیاجاسکتا اس لئے صوبے میں ایسی صنعتوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے جو برآمدات میں اضافے کا باعث بنے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت کا کام منافع کمانا نہیں بلکہ سہولتیں فراہم کرنا ہے۔اس لئے مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے خصوصی مراعات دے رہے ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ سپیشل اکنامک زونز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ ہوگی اور سپیشل اکنامک زونز میں صنعت کاری کیلئے درآمد کی گئی مشینری پر درآمدی ڈیوٹی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ وہاڑی ، بھلوال اور رحیم یارخان کی انڈسٹریل اسٹیٹس کو سپیشل اکنامک زونز ڈکلیئر کر دیاگیا ہے اور اس ضمن میں آئندہ دو ہفتوں تک نوٹیفکیشن ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ سپیشل اکنامک زونز بننے سے مقامی سطح پر اقتصادی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ انڈسٹریل اسٹیٹ وہاڑی میں عدم دستیاب سہولتیں جون 2019ء تک فراہم کر دی جائیں۔

چیئرمین پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن انڈسٹریل اسٹیٹ وہاڑی کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیں۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹی صنعتوں کو فروغ دے کر ملک کی تعمیرو ترقی کے عمل کو آگے بڑھایاجاسکتا ہے اور پنجاب حکومت نے چھوٹی صنعتوں کے فروغ کیلئے انقلاب آفرین سکیمیں بنا لی ہیں۔وفد میں صدرچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وہاڑی چوہدری آصف علی، سابق صدر میاں خالدمحمود ، سینئر نائب صدر شیخ محمد نعیم ، سیکرٹری جنرل خورشید انور اور سابق صدر حافظ محمود احمدشاد شامل تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات