کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت صفائی کا عمل جاری ہے ، ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ

منگل 15 جنوری 2019 21:00

جہلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت سوہاوہ سمیت ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے سے سڑکوں کی کشادگی،پینے کا صاف پانی اور پلانٹیشن کے منصوبے جاری ہیں جبکہ غیر ضروری بینرز، پینا فلکسوں کا خاتمہ کر کے شہروں کو خوبصورت بنایا جا رہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے اسسٹنٹ کمشنر دفتر سوہاوہ میںڈولپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ذوالفقار احمد، سی او ایم سی سوہاوہ، ایس ڈی اوز، نمائندگان انجمن تاجران، سماجی کارکنان، مخیر حضرات اور دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ سوہاوہ شہر کے مکینوں کے لئے پانی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں، صاف پانی کی فراہمی شہریوں کا بنیادی حق ہے جسکی فراہمی کے لئے تمام تر وسائل بروئے کا ر لائے جارہے ہیں، انہوں نے مزید بتایا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی سے چکوال موڑ سوہاوہ کے قریب جگہ حاصل کر کے شہریوں کے لئے خوبصورت پارک بھی بنایا جائے گا جبکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں میں راغب کرنے کے لئے پلے گراؤنڈز کے پروجیکٹ بھی رواں مالی سال میں شروع کیے جا رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ جی ٹی روڈ کو خوبصورت بنانے کے لئے سڑک کے دونوں اطراف پودے لگائے جا رہے ہیں، شہر کی صفائی ستھرائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر آفس سوہاوہ، ایم سی سوہاوہ، ایگریکلچر اور محکمہ جنگلات مقامی این جی اوز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے ، تجاوزات کا خاتمہ کر کے بازاروں کو کشادہ کرنے کے لئے انہوں نے اے سی سوہاوہ ذوالفقار احمد کو ہدایت دی۔