Live Updates

وزیراعظم کے دورہ قطر کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا

عمران خان اب 22 جنوری کی بجائے 21 جنوری کو قطر کے مختصر دورے کیلئے روانہ ہوں گے، منی بجٹ کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی

muhammad ali محمد علی منگل 15 جنوری 2019 19:12

وزیراعظم کے دورہ قطر کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جنوری2019ء) وزیراعظم کے دورہ قطر کا شیڈول تبدیل کر دیا گیا، عمران خان اب 22 جنوری کی بجائے 21 جنوری کو قطر کے مختصر دورے کیلئے روانہ ہوں گے، منی بجٹ کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے شیڈول میں اچانک تبدیلی کر دی گئی ہے۔

اس حوالے سے وزیراعظم ہاوس کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ قطر کے شیڈول میں تبدیلی منی بجٹ کے باعث کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان اب 22 جنوری کی بجائے 21 جنوری کو قطر کے مختصر دورے کیلئے روانہ ہوں گے۔ دورے کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان کئی تاریخی معاہدے طے پائیں گے۔ خاص کر ایل این جی کی فراہمی اور ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں معاہدے کیے جائیں گے۔

وزیراعظم قطر کا مختصر دورہ کرکے پاکستان واپس آئیں گے اور 23 جنوری کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 23 جنوری کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں منی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم، تمام وفاقی وزراء اور حکومتی اراکین اسمبلی قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات