جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر بارے قومی مشاورتی کانفرنس 2 فروری کو ہوگی، مولانا فضل الرحمن

منگل 15 جنوری 2019 21:26

جے یو آئی (ف) کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر بارے قومی مشاورتی کانفرنس 2 ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) امیر جمعیت علماء اسلام (ف) و سابق چیئرمین قومی کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کے حریت قائدین کو خراج عقیدت پیش کرنا خوش نصیبی ہے، میں اور میری جماعت کشمیریوں کی جہد مسلسل کا حصہ ہے، ہم حکومت اور اپوزیشن سے بالاتر ہو کر کشمیریوں کے ساتھ ہیں، پارلیمنٹ سے باہر ہوتے ہوئے بھی آزادی کشمیر کی تحریک کو آگے لے کر چلیں گے، جے یو آئی (ف) مسئلہ کشمیر بارے قومی مشاورتی کانفرنس 2 فروری کو کرے گی۔

وہ منگل کو یہاں آل حریت کانفرنس کے زیر اہتمام ’’تحریک آزادی کشمیر اور شہید شبیر احمد شاہ کا کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ میں رکن پارلیمنٹ نہیں بھی رہا تو بھی کشمیریوں کی آواز تو ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تحریک آزادی کشمیر کو آگے لے کر چلی، اس تحریک کو آگے لے جانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بارے قومی سطح پر مشاورت کی ضرورت ہے، جے یو آئی (ف) مسئلہ کشمیر بارے آئندہ ماہ 2 فروری کو قومی مشاورت کانفرنس کا انعقاد کرے گی جس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں شریک ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر بارے آواز اٹھائی اور ہم ہمیشہ کشمیریوں کی جہد مسلسل کا حصہ رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) اس بار بھی بھرپور انداز میں یوم یکجہتی کشمیر منائے گی اور کشمیر کی آزادی کی تحریک میں کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔