نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی مسائل کے معاملات وفاق سے اطمینان بخش طریقے سے طے پا گئے ہیں،

کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کے حوالے سے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کردیا گیا ہے، امید ہے کہ کوہالہ پراجیکٹ پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

منگل 15 جنوری 2019 21:28

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی مسائل کے حوالے سے وفاق سے جملہ معاملات اطمینان بخش طریقے سے طے پا گئے ہیں، کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ کے حوالے سے تحفظات سے وفاق کو آگاہ کردیا گیا ہے، امید ہے کہ کوہالہ پراجیکٹ پر ہمارے تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کی تکمیل کے بعد پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور معاشی مضمرات کا حکومتی سطح پر فوری نوٹس لیا گیا، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پارٹی سربراہان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی، شہریان مظفرآباد کی آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی جس میں تمام زعماء موجود تھے، حکومت آزاد کشمیر کی تحریک پر حکومت پاکستان نے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کر رپورٹ طلب کی، کمیٹی نے رپورٹ پیش کر دی ہے جو ہمارے حق میں ہے، نیلم جہلم پائیڈل پراجیکٹ قومی منصوبہ ہے، کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے قربانی دی اور آئندہ بھی دیں گے، پاکستان ہماری امیدوں کا محور و مرکز ہے، پوری امید ہے کہ نیلم جہلم پراجیکٹ کے ماحولیاتی اور معاشی مضمرات کے تدارک کے لیے مرکزی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کوہالہ ہائیڈل پراجیکٹ پر جو تحفظات ہیں وہ وفاق تک پہنچا دیئے گئے ہیں جس طرح نیلم جہلم ہائیڈل پراجیکٹ کے معاملات طے پا گئے ہیں اس طرح کوہالہ پراجیکٹ پر بھی ہمارے تحفظات دور ہوں گے ۔