ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مائیکروسافٹ نے امیجن کپ 2019ء کا آغاز کر دیا

منگل 15 جنوری 2019 21:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اور مائیکروسافٹ نے ملک میں ہنر اور صلاحیتوں میں بہتری لانے، نئی ٹیکنالوجیز کو پروان چڑھانے اور جدت پسندی کو فروغ دینے کی غرض سے امیجن کپ 2019ء کا آغاز کر دیا۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری نے منگل کو یہاں ایک تقریب میں کپ کا افتتاح کیا۔

تقریب کے دوران ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پانچ جامعات کے درمیان ہائر ایجوکیشن ٹی وی کے سلسلہ میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کئے گئے ۔ چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اصغر، کنٹری منیجر مائیکروسافٹ عابد زیدی، اسسٹنٹ جنرل کونسل مائیکروسافٹ مشرق وسطی مائیک یاہ، جامعات کے وائس چانسلرز ، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ تخیل تعلیم، انسانی زندگی اور روح کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے، تخیل صرف ٹیکنالوجی سے منسلک نہیں ہے بلکہ یہ انسانیت سے متعلق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تخیل ہی کی بدولت مسائل کو حل کیا جاتا ہے اور مسائل کو حل کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جاتا ہے۔ چیئرمین نے امیجن کپ 2019ء کے قومی سطح کے مقابلے جیتنے پر نسٹ (سکول آف الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹر سائنس) کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان اذہان کی تخیلاتی صلاحیتیں کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے اور ان مسائل کو مواقع میں تبدیل کرنے کیلئے انہی نوجوان اذہان کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر بنوری نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایک پورٹل تشکیل دیا ہے جس میں جامعات خالی اسامیوں کے اشتہارات دے سکتی ہیں۔ ہائر ایجوکیشن انفامیشن مینجمنٹ سسٹم کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر بنوری کا کہنا تھا کہ کیمپس مینجمنٹ سسٹم بنایا جا رہا ہے جس کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ٹیکنالوجی سے متعلق تمام خدمات کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کیا جائے گا۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے عابد زیدی نے کہا کہ مائیکرو سافٹ طلباء کو یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ وہ ٹیکنالوجی کی مدد سے دنیا میں بہتری لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء کو درست سمت پر گامزن کیا جائے تو یہ حقیقی تبدیلی لانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ٹیکنالوجی کمپنی ہونے کے ناطے مائیکرو سافٹ طلباء کو بااختیار بنانے پر یقین رکھتا ہے۔

اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن نے لاہور گیریژن یونیورسٹی ، لاہور، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اسلام آباد، شہید ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سندھ مدرسة الاسلام، کراچی اور یونیورسٹی آف گجرات، گجرات کے ساتھ ہائر ایجوکیشن ٹی وی میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ امیجن کپ مائیکروسافٹ کی ان کوششوں میں سے ایک ہے کہ جس کا مقصد ہنر اور صلاحیتوں میں بہتری لانا، نئی ٹیکنالوجییز کو پروان چڑھانا اور جدت پسندی کو فروغ دینا ہے۔ اس گلوبل مقابلے کی بدولت بہت سی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں، یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے کہ جس کے تحت طلباء معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے کام کرتے ہیں اور اپنی منفرد شناخت بناتے ہیں۔