Live Updates

پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی گرفتار رکن اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کیلئے سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آڈر جاری کیا گیا

نیب کی جانب سے پروڈکشن آڈر کی تعمیل کرتے ہوئے سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لاکر سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا تین ماہ تک حلف نہ اٹھانے پر اسمبلی رکنیت ختم کرنے ،پاک فوج کی جانب سے بھارتی ڈرون گرانے کے حق میں قراردادیں منظور مسلم لیگ(ن) پر آزمائش کا وقت ،حکومت میںآنے کی کوئی باریاں نہیں ہوتیں لیکن جانے کی ہوتی ہیں‘ خواجہ سلمان رفیق ایک نیشنل روڈ میپ ہونا چاہیے،میرے پروڈکشن آرڈر جاری ہونا اسمبلی کی جیت ہے‘میڈیا سے گفتگو اور ایوان میں خطاب آج عمران خان ،پرویز الٰہی اور عثمان بزدار زندہ باد کانعرہ بھی لگایاجاتاتو اچھا ہوتا،پرویز الٰہی کی سپیکر شپ میں اسمبلی نے مثبت کرداراداکیا‘ وزیر قانون

منگل 15 جنوری 2019 21:53

پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی گرفتار رکن اسمبلی کی اجلاس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) پنجاب اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی گرفتار رکن اسمبلی کی اجلاس میں شرکت کیلئے سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آڈر جاری کئے گئے ، قومی احتساب بیورو ( نیب ) لاہور کی جانب سے پروڈکشن آڈر جاری ہونے پر اس کی تعمیل کرتے ہوئے ہائوسنگ سوسائٹی سکینڈل میں گرفتار(ن) لیگ کے رکن اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لاکر سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا ،پنجاب اسمبلی کے ایوان نے تین ماہ تک حلف نہ اٹھانے پر اسمبلی رکنیت ختم کرنے اورپاک فوج کی جانب سے بھارتی ڈرون گرانے کے حق میں قراردادیں منظور کر لی گئیں ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکرچوہدیر ویز الٰہی کی صدارت میں مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹے دس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔

(جاری ہے)

اسمبلی کے ایجنڈے پر خوراک اور اوقاف ومذہبی امور کے محکموں سے متعلق سوالوں کے جوابات دئیے گئے ۔اجلاس کے آغاز میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے گرفتار رکن اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر جاری کرنے کی درخواست دی جس کے کچھ دیر بعد سپیکر نے سلمان رفیق کے پروڈکشن آڈر جاری کردئیے۔

خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن جاری کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ملک ندیم کامران نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ نیب کی جانب سے پروڈکشن آڈر کی تعمیل کرتے ہوئے سلمان رفیق کو پنجاب اسمبلی لایا گیا او رسارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کیا گیا ۔ سلمان رفیق کی آمد پر لیگی اراکین اسمبلی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ انہیں پھولوں کے ہار پہنائے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ اس موقع پر اپنی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے ۔

اسمبلی آمد پر خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آڈر جاری کرنے پر سپیکر کا شکر گزار ہوں۔ مسلم لیگ(ن) پر آزمائش کا وقت ہے ،واضح نظر آرہا ہے کہ اسے نشانہ بنایاجارہاہے ، حکومت میںآنے کی کوئی باریاں نہیں ہوتیں لیکن جانے کی ہوتی ہیں،میں نہیں چاہتا تحریک انصاف خدانخواستہ اس صورتحال کا شکار ہو۔ خواجہ سلمان رفیق کی ایوان میں آمد کے موقع پر لیگی کارکنوں نے شیر ،شیر کے نعرے لگائے جبکہ اراکین اسمبلی انہیں گلے ملے۔

سلمان رفیق نے کہا کہ ہمارے پارٹی قائد اور پارٹی صدر گرفتار ہیں،میں اور میرا بھائی گرفتارہیںاسی طرح ہمارے دیگر رہنما گرفتار ہیں،اس سے واضح ہے کہ صرف (ن) لیگ کو نشانہ بنایاجارہاہے اور نظر آ رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر بات کروں گاکیونکہ رویے تو مختلف ہوتے ہیں ۔سیاسی کارکن سخت ہوتاہے میری صحت بالکل ٹھیک ہے۔انہوںنے کہا کہ نیب کی تحویل میں مختلف مشہور لوگوں کی کتابیں پڑھ رہا ہوں،لاہور: اپنی آپ بیتی پر سو صفحات لکھ چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی ادارے اپنا کام کریں لیکن ہمیں عدالتوں کو مضبوط کرنا ہے۔میری قیادت اس وقت جیل میں ہے،حکومت میںآنے کی کوئی باریاں نہیں ہوتی لیکن جانے کی ہوتی ہیں،میں نہیں چاہتا تحریک انصاف خدانخواستہ اس صورتحال کا شکار ہو۔بارڈر پر جب کوئی بھارتی گولی چلاتا ہے تو سیاست اور مذہب سے ہٹ کر چلاتا ہے۔گزشتہ حکومتوں نے نیب کے قانون پر کوئی کام نہیں کیا اب کرنا چاہیے۔

آج بھی بنگلہ دیش کو مشرقی پاکستان کہنے کو دل کرتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس اسمبلی میں پاکستان کے ہر شخص کی نظر ہے،ہمیںعام آدمی کا سوچنا ہے ،سی پیک، گواردر، ہسپتال، تعلیمی ادارے اور ڈیمز ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کون سی جماعت ہے جس نے شہادتوں کا نذرانہ نہیں دیا،ایک نیشنل روڈ میپ ہونا چاہیے،آج کا پروڈکشن آرڈر جاری ہونا اسمبلی کی جیت ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے ایوان میں فیض احمد فیض کی نظم بھی پڑھی۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا آج عمران خان ،پرویز الٰہی اور عثمان بزدار زندہ باد کانعرہ بھی لگایاجاتاتو اچھا ہوتا،پرویز الٰہی کی سپیکر شپ میں اس اسمبلی نے مثبت کرداراداکیاہے،آئندہ بھی جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے ،اپنی انا سے بڑھ کر فیصلے کرنا چاہیے۔

گزشتہ چند دنوں میں مرکز میں گرماگرمی ہے اگر سیاسی جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو جمہوریت مضبوط ہو گی،تلخ فیصلہ وقتی طورپرہوتاہے لیکن اس کے نتائج دوررس ہوتے ہیں،۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام پر پورا ایوان مبارکباد کا مستحق ہے ،اگر ضرورت پڑی تو عمران خان اور عثمان بزدار یہ نہیں دیکھیں کس کو فائدہ ہو رہاہے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے فیصلے کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرحسن مرتضی نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں آمدمبارک باد دیتاہوں ،سپیکر پرویزالٰہی اور سب کو مبارکباد دیتاہوں جنہوں نے مل کر کام کیا،سب کا رویہ مثبت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جذبات اور نظریات کو مد نظر رکھاجائے ،تعداد کم ہے تو کیا ہوا،ہمیں کمیٹیوں میں نظر اندازکیاگیا، ایوان کی عزت کیلئے ہمیشہ قربانی دینے کیلئے تیار ہوں،مخالفت برائے مخالفت پیپلزپارٹی کا رویہ نہیں رہا ملک و قوم کی بہتری کیلئے حکومت کا ساتھ دیں گے۔

قبل ازیں تحریک انصاف کی رکن مومنہ وحید نے رولز کی معطلی کی تحریک پیش کرکے ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق اگر کوئی رکن کامیاب ہونے کے بعد تین ماہ تک حلف نہیں اٹھاتا تو اس کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی،اسمبلی رکن خالی نشست کے حوالے سے آئین میں ترمیم کا بھی مطالبہ کیا گیا۔غیر سرکاری ارکان کے دن پاک فوج کی جانب سے بھارتی جاسوس ڈرون گرانے کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

وقفہ سوالات کے دوران وزیر خوراک کی جانب سے سوالوں کے تسلی بخش جوا ب نہ آنے پر سپیکر پرویز الٰہی بھی برہم ہو گے۔،سپیکر نے وزیر خوراک سے کہا کہ تیاری کرکے آیا کریں ا۔شوگر ملز کے حوالے سے حکومت نے پالیسی بنائی ہے تو وہ دکھا دیں ۔صوبائی وزیر نے کہا میرے پاس ڈرافٹ ہے لیکن سپیکراس سے مطمئن نہ ہو ئے ۔انہوں نے کہا کابینہ کے اجلاس میں پالیسی کی منظور لی جائے اور اسے ہائوس میں لایا جائے۔ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس آج بدھ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔اجلاس مکمل ہونے پر سارجنٹ ایٹ آرمز نے خواجہ سعد رفیق کو نیب کے حوالے کیا جو انہیں واپس لے گئے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات