درست منصوبہ بندی سے سیاحت کو آزادکشمیر کی منافع بخش صنعت ،کشمیر کی تہذیب و ثقافت کو دنیا میں متعارف کرانے کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے، سردار مسعود خان

وادی نیلم میں سات ایسے مقامات کی نشاندہی ہو چکی ہے جن کو ترقی کیمپ سائٹس، ماڈل ویلج، ٹوریسٹ ریزٹس اور امیوزمنٹ پارکس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے،سیکرٹری سیاحت آزاد کشمیر کی صدر کو بریفنگ

منگل 15 جنوری 2019 21:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ درست منصوبہ بندی اور محنت سے سیاحت کو آزادکشمیر کی سب سے زیادہ منافع بخش صنعت اور کشمیر کی تہذیب و ثقافت کو دنیا میں متعارف کرانے کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔ آزادکشمیر اپنی قدرتی خوبصورتی، معتدل موسم اور خطہ کی مہمان نوازی کے باعث دنیا بھر کے سیاحوں کی جنت بن سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سیاحت کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بریفنگ محکمہ سیاحت، آثار قدیمہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سیکرٹری محترمہ مدحت شہزاد نے دی۔ اس موقع پر محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ارشاد احمد پیرزادہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آزاد خطہ میں ایڈونچر ٹورازم، مذہبی اور تاریخی مقامات کی سیاحت کے لئے نہایت موزوں ہے۔

اس کے علاوہ ایسے تاریخی مقامات جن کا تعلق کشمیر کی تحریک آزادی سے ہے ان کو مناسب ترقی دے کر سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں صدر ریاست کو سیاحت کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریف کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت و اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد نے کہا کہ آزادکشمیر میں پہلے سے موجود سیاحتی مقامات کے علاوہ چودہ ایسے مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے جن کو ترقی دے کر سیاحوں کے لئے پرکشش بنایا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ آزادکشمیر کی وادی نیلم میں بھی سات ایسے مقامات کی نشاندہی ہو چکی ہے جن کو ترقی کیمپ سائٹس، ماڈل ویلج، ٹوریسٹ ریزٹس اور امیوزمنٹ پارکس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مہماتی سیاحت کے فروغ اور ترقی کے لئے ایسے بہت سے موزوں مقامات موجود ہیں جہاں اسکینگ ریزاٹس ، فلائنگ کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے مختلف علاقوں اور دنیا بھر کے سیاح آزادکشمیر میں آکر فلورا اور فانا کو دیکھیں اور قدرتی حسن سے لطف اندوز ہوں۔