ترک اسٹیٹ ریلوے کمپنی تلمساس اور ریمساس کے آٹھ رکنی وفد کی ریلوے لاہورہیڈکوارٹر آمد

چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز آفتاب اکبر کی سربراہی میں وفد کے ارکان کو پاکستان ریلوے کے آپریشنز کے حوالے سے مختصراً بریف کیا گیا

منگل 15 جنوری 2019 22:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) ترک اسٹیٹ ریلوے کمپنی تلمساس اور ریمساس کا آٹھ رکنی وفد پاکستان ریلوے کے پانچ روزہ دورے کے دوسرے دن پاکستان ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور پہنچاجہاں چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز آفتاب اکبر کی سربراہی میں وفد کے ارکان کو پاکستان ریلوے کے آپریشنز کے حوالے سے مختصراً بریف کیا گیا۔

بعد ازاں 1894 میں بطور مینٹیننس اور رپئیر ورک شاپ قائم ہونے والی کمپنی تلمساس کے ڈائریکٹر جنرل اوکی پیری نے ریلوے افسران کو کمپنی کے تکنیکی سفر سے متعلق بریفنگ دی۔ یہ کمپنی مختلف نوعیت کے ماڈرن لوکوموٹیو بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔کمپنی نے اپنے بنائے ہوئے الیکڑک، ڈیزل، لوکوموٹیو اور ویگن، بوگی، ٹریکشن موٹر وغیرہ کے حوالے سے تفصیلی پریزینٹیشن دی۔

(جاری ہے)

کمپنی کے ڈی جی کا کہنا تھا ہمیں پاکستان ریلوے سے شراکت داری قائم کرکے خوشی ہوگی۔ پاکستان ہمارا برادر ملک اور ہماری ترجیح بھی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان ریلویزنے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان اور ترک ریلوے کے حوالے سے مشترکہ دلچسپی کے معاملات کو زیرِ بحث لاکر بہتر نتائج تک پہنچا جاسکتا ہے۔ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے ویژن کے تحت بجائے لوکوموٹیوز کی خریداری کے ہماری ترجیح تکنیکی شراکت داری ہے۔

پاکستان میںریلوے کی رسالپور اور اسلام آباد میں دو فیکٹریاں مرمت اور مینٹیننس کے حوالے سے کام کررہی ہیںہم یہاں دوست ممالک کی مدد سے اپنی مینوفیکچرنگ استطاعت بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے ماہرین آپس میں ملاقات کے بعد ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے حوالے سے ٹھوس تجاویز پیش کریںجن کی روشنی میں شراکتی اور بی او ٹی بنیادوں پر مختلف منصوبوں کے بارے میں پلان مرتب دیا جاسکتا ہے۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر پاکستان ریلویز محمد آفتاب اکبر،جنرل منیجر ایم اینڈ ایس محمد طاہر ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری ، ایڈیشنل جنرل منیجر مکینیکل اعجاز احمد بروڑو، چیف انجینئر اوپن لائن نثار میمن سمیت دیگراعلیٰ افسران نے شرکت کی۔