Live Updates

اپوزیشن لیڈر دوست ممالک سے امداد کا کریڈٹ آرمی چیف کو دیتے ہوئے قوم کو یہ بھی بتا دیں یہ کمال شریفی دور میں کیوں نہ ہوا، راجہ راشد حفیظ

ابھی حکومت ملے چند ماہ ہوئے ہیں ،یہ ہم سے حساب مانگ رہے ہیں ، تحریک انصاف اپنا بھی حساب دیگی مگر پہلے باری باری اقتدار میں آ کر کاروبار کرنیوالوں کا حساب لیا جائیگا ، وزیر خواندگی پنجاب

منگل 15 جنوری 2019 22:32

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف دوست ممالک سے امداد کا کریڈٹ آرمی چیف کو دیتے ہوئے قوم کو یہ بھی بتا دیں کہ یہ کمال شریفی دور میں کیوں نہ ہوا اور عمران خان کے دور میں ہی کیوں ہوا ہے ․یہی شہباز شریف اور ان کی پارٹی کے لوگ دوست ممالک کی امداد کو پہلے بھیک قرار دے رہے تھے ․ امداد ملنے کا کریڈٹ یقینا ہماری حکومت اور فوج کا مشترکہ کریڈٹ ہے اور یہ کمال شہباز شریف کی جماعت برسراقتدار رہتے ہوئے نہ کر سکی اور اب بقول غالب ’’ دل کو بہلانے کے واسطے یہ خیال اچھا ہے غالب ‘‘ کے مصداق وہ اپنا اور اپنی جماعت کے لوگوں کا دل بہلا رہے ہیں ۔

یہ بات انہو ںنے اپنے ایک بیان میں کہی ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ بجلی کا بحران اور مہنگائی کا پیش خیمہ بننے والے تمام عوامل شریفی حکومت کی پالیسیوں کا نتیجہ ہیں ․ آج شہباز شریف کو بجلی کا بحران ستا رہا ہے ․ وہ گذشتہ دور میں بجلی کا بحران ختم کرنے کے وعدوں کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے اور انہوں بے تحاشہ پیسہ خرچ کرکے چین سے سولر سمیت دیگر بے شمار منصوبے شروع کئے تھے جن میں سوائے کمیشن کی وصولی کے قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ابھی حکومت نے توانائی منصوبوں پر خرچ ہونے والے کھربوں روپوں کا حساب بھی کرنا ہے تب قوم کو پتہ چلے گا کہ رات دن ان منصوبوں پر ڈرامے رچانے والے شہباز شریف نے قوم کے خون پسینے کی کتنی کمائی کمیشنوں میں وصول کی ․ انہو ںنے کہا کہ ابھی ہمیں حکومت ملے ہوئے چند ماہ ہوئے ہیں اور یہ ہم سے حساب مانگ رہے ہیں ․ تحریک انصاف کی حکومت اپنا بھی حساب ضرور دے گی مگر پہلے باری باری اقتدار میں آ کر کاروبار کرنے والوں کا حساب لیا جائیگا جو اپنے احتساب پر جمہوریت کو خطرات لاحق ہونے کا واویلا شروع کر دیتے ہیں ․ پہلے یہ لوگ دوست ممالک کی امداد کو بھیک کہہ رہے تھے اور اب کہہ رہے ہیں کہ یہ امداد آرمی چیف کی وجہ سے ملی ہے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات