Live Updates

نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں ،ان اضلاع میں محکمہ خوراک کی توسیع جلد از جلد ممکن بنائی جائیگی،قلندرخان لودھی

منگل 15 جنوری 2019 22:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک حاجی قلندر خان لودھی نے کہا کہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں اور ان اضلاع میں محکمہ خوراک کی توسیع جلد از جلد ممکن بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کے لئے سنجیدہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے پشاور میں اپنے دفتر میں محکمہ خوراک کی قبائلی اضلاع تک توسیع کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ خوراک کے سیکرٹری اکبر خان اور ڈائریکٹر فوڈ نے شرکت کی۔ وزیر خوراک نے کہا کہ دیگر محکموں سمیت محکمہ خوراک بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ وہ خود مذکورہ ٹیم کے ہمراہ بہت جلد ضم شدہ اضلاع کا دورہ کریں گے تاکہ محکمہ خوراک وہا ں پر حالات کے مطابق درپیش چیلنیجز کے لئے بہتر طریقے سے تیاری کر سکے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وہاں پر موجود فلور ملز کا جائزہ لیا جائے گا، انہوں نے سیکرٹری فوڈ کو ہدایت کی کہ نئے ضم شدہ اضلاع میں مارکیٹ چیکنگ اور پرائس فکسیشن کے لئے حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ قبائلی علاقوں کو صوبے کے دیگر حصوں کی طرح حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں کے مطابق اشیائے خوردو نوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پنجاب سے ایک لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لئے ٹیم تشکیل دی جائے جو مختلف سنٹر پر گندم کی کوالٹی چیک کرنے کے بعد اسکی جلد خریداری یقینی بنائے، اس موقع پر ڈائریکٹر فوڈ نے کہاکہ محکمہ خوراک کی ایک ٹیم بنائی گئی ہے جسکی قیادت اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ کے حوالے کی جائے گی جبکہ دو ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اسکے ممبر ہونگے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات