سعودی عرب راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ برقرار رکھنے کا خواہاں

حکومت پاکستان سے سابق آرمی چیف کیلئے بیرون ملک ملازمت کا نیا این او سی جاری کرنے کی درخواست کردی

muhammad ali محمد علی منگل 15 جنوری 2019 20:37

سعودی عرب راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ برقرار رکھنے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 جنوری 2019ء) سعودی عرب راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ برقرار رکھنے کا خواہاں، حکومت پاکستان سے سابق آرمی چیف کے ملازمت کا نیا این او سی جاری کرنے کی درخواست کردی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق آرمی چیف راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ برقرار رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔

سعودی حکومت نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ راحیل شریف کو اسلامی اتحادی فوج کا سربراہ برقرار رکھا جائے۔ اس مقصد کیلئے حکومت پاکستان کو سابق آرمی چیف راحیل شریف کو نیا این او سی جاری کرنا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کو سعودی حکومت کی درخواست موصول ہوگئی ہے، اس حوالے سے جلد کوئی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کے سابق آرمی چیف اور اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف سے ان کا یہ عہدہ چھن جانے کا خدشہ ہے۔

راحیل شریف کی بیرون ملک میں ملازمت کیلئے جاری کیا گیا این او سی آج 15 جنوری کو ختم ہو رہا ہے۔ سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ ماہ راحیل شریف کو جاری کیا گیا این او سی غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ ایک ماہ کے اندر اندر راحیل شریف کو نیا اور قانونی این او سی جاری کیا جائے، تاکہ اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ کی حیثیت سے کام جاری رکھ سکیں۔

تاہم اس حوالے سے حکومت کی جانب سے سستی دکھائی گئی اور تاحال این او سی کا اجراء نہیں کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ راحیل شریف کو پہلے سے جاری کردہ این او سی کی مدمت ختم ہوتے ہی وہ بیرون ملک ملازمت کرنے کے اہل نہیں رہیں گے۔ یوں ان سے اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ کا عہدہ واپس بھی لیا جا سکتا ہے۔ تاہم اگر حکومت ہنگامی بنیادوں پر راحیل شریف کو این او سی جاری کر دیتی ہے، تو ایسے میں انہیں بیرون ملک ملازمت کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہو جائے گا، اور یوں اسلامی اتحادی فوج کے سربراہ کا عہدہ بھی انہیں کے پاس رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کی دوہری شہریت بارے تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے سعودی عرب میں اسلامی عسکری اتحاد کے سربراہ جنرل (ر) راحیل شریف کا بیرون ملک ملازمت کا این او سی غیر قانونی قراردے دیا تھا ۔سپریم کورٹ کی جانب سے راحیل شریف کے این او سی کی درستگی کے لئے وفاقی حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دے دی گئی تھی۔

فیصلہ میں کہا گیا تھا کہ مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق این او سی جاری نہ ہونے کی صورت میں جنرل (ر) راحیل شریف اپنی موجودہ غیر ملکی ملازمت سے فوری طور پر سبکدوش تصور کئے جائیں گے۔ راحیل شریف کا این او سی قانون کے مطابق نہیں ہے۔ سابق آرمی چیف کو بیرون ملک ملازمت کے لئے جی ایچ کیو اور وزرات دفاع نے این او سی جاری کیا۔ قانون کے تحت سابق سرکاری ملازم کو صرف وفاقی حکومت این او سی جاری کرسکتی ہے۔

این او سی کے بغیر کوئی سابق سرکاری ملازم کسی غیر ملکی حکومت یا ایجنسی کی ملازمت نہیں کرسکتا۔ فیصلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت سے مراد وفاقی کابینہ ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اٹارنی جنرل نے اس معاملے کا جائزہ لینے کے لئے عدالت سے مہلت طلب کی تھی جس پر عدالت نے ریمارکس دیے تھے کہ سیکرٹری دفاع کو حکومت سے این او سی کی بابت ایک ماہ کی مہلت دیتے ہیں۔ مقررہ مدت کے اندر قانون کے مطابق این او اسی جاری نہیں کیا جاتا تو جنرل (ر) راحیل شریف بیرونی ملازمت سے سبکدوش تصور کئے جائیں گے۔