وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے فیس بک کے وفد کی ملاقات

وفد نے انسانی حقوق کے مسائل خاص طور پر بچوں کے تحفظ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلئے وزارت کے ساتھ شراکت داری اور قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا

منگل 15 جنوری 2019 23:12

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے فیس بک کے وفد کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری سے فیس بک کے وفد نے منگل کو یہاں وزارت انسانی حقوق کے آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفد نے انسانی حقوق کے مسائل خاص طور پر بچوں کے تحفظ سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلئے وزارت کے ساتھ شراکت داری اور قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر وفد کو بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم جس میں بچوں کے نفسیاتی ماہرین بھی شامل ہیں، سکولوں کا دورہ کریں گے اور بچوں کی حفاظت سے متعلق مختلف مسائل پر بچوں، اساتذہ اور والدین کو حساس کرنے کیلئے مواد تقسیم کریں گے۔ فیس بک کے اراکین نے بتایا کہ آن لائن تحفظ کے آلات بہت اہمیت رکھتے ہیں اور ان کی ٹیم انسانی حقوق کے مسائل سے نمٹنے کیلئے پوری توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیس بک نے بچوں کے آن لائن استحصال کو روکنے اور ان کے تحفظ کیلئے کچھ آلات ڈویلپ کئے ہیں، اسی طرح جعلی مواد کو روکنے کیلئے بھی فیس بک کے پاس ایک ’’فیکٹ چیک‘‘ میکنزم موجود ہے جبکہ بچوں کی سرگرمیوں پر والدین کی نظر رکھنے کیلئے بھی پیرنٹس پورٹل مہیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم سٹیزن پورٹل کے ساتھ ساتھ وزارت کی ہیلپ لائن بھی کام کر رہی ہے۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے انسانی حقوق کے معاملات کو حل کرنے اور آن لائن سکیورٹی میکنزم کو بہتر بنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :