Live Updates

پنجاب اسمبلی کا اجلاس،سپیکر کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر خواجہ سلمان رفیق کی اجلاس میں شرکت،

تین ماہ تک اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے والے رکن کی رکنیت ختم کرنے اورپاک فوج کی جانب سے بھارتی ڈرون گرانے کے حق میں دو قراردادیں منظور ہم نے عدالتوں اور قومی اداروں کو مضبوط کرنا ہے،خواجہ سلمان رفیق پروڈکشن آرڈر ترمیم کا کریڈٹ وزیر اعظم ‘وزیر اعلی پنجاب اورسپیکرپرویز الہی کو جاتا ہے، وزیر قانون راجہ بشارت

منگل 15 جنوری 2019 23:34

لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر خواجہ سلمان رفیق اسمبلی پہنچ گئے،تین ماہ تک اسمبلی رکنیت کا حلف نہ اٹھانے والے رکن کی رکنیت ختم کرنے اورپاک فوج کی جانب سے بھارتی ڈرون گرانے کے حق میں دو قراردادیں منظور‘ ایجنڈے پر موجود7قراردادیں منظور نہ کی جا سکیں۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہم نے عدالتوں اور قومی اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا پروڈکشن آرڈر ترمیم کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان ‘وزیر اعلی سردار عثمان بزداراور سپیکر پرویز الہی کو جاتا ہے۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس سپیکرچوہدی پر ویز الہی کی زیر صدرت دو گھنٹے دس منٹ تاخیر سے شروع ہوا،اسمبلی کے ایجنڈے پر محکمہ خوراک اور اوقاف و مذہبی امور کے متعلق سوالوں کے جواب وزیر خوراک سمیع اللہ اور چوہدری ظہیر الدین نے دیے،اجلاس کے آغاز میں مسلم لیگ ن کے ارکان نے رکن اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست دی جس کے کچھ دیر بعد سپیکر نے سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیئے، خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے پر لیگی رکن ندیم کامران نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ،اسمبلی آمد پر لیگی رکن خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنے پر سپیکر کا شکر گزار ہوں،جیل میں قید کے دوران اپنی آب بیتی لکھ رہا ہوں ،اس کے سو سے زائد صفحے مکمل کرلیے ہیں ،نیب کی تحویل میں مختلف مشہور لوگوں کی کتابیں پڑھ رہا ہوں،تحقیقاتی ادارے اپنا کام کریں لیکن ہمیں عدالتوں کو مضبوط کرنا ہے،میری قیادت اس وقت جیل میں ہے،حکومت آنے کی کوئی باریاں نہیں ہوتیں جانے کی ہوتی ہیں،میں نہیں چاہتا تحریک انصاف خدانخواستہ اس صورتحال کا شکار ہو،بارڈر پر جب کوئی انڈین گولی چلاتا ہے تو سیاست اور مذہب سے ہٹ کر چلاتا ہے،گزشتہ حکومتوں نے نیب کے قانون پر کوئی کام نہیں کیا اب کرنا چاہیے، آج بھی بنگلہ دیش کو مشرقی پاکستان کہنے کو دل کرتا ہے،اس اسمبلی میں پاکستان کے ہر شخص کی نظر ہے،عام آدمی کا ہمیں سوچنا ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک، گواردر، ہسپتال، تعلیم ، ڈیمز ہماری ترجیح ہونی چاہیے،کون سی جماعت ہے جس نے شہادتوں کا نذرانہ نہیں دیا،ایک قومی نیشنل روڈ میپ ہونا چاہیے ،آج کا پروڈکشن آرڈر جاری ہونا اسمبلی کی جیت ہے۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ عمران خان ،پرویز الہی اور عثمان بزدار زندہ باد کانعرہ لگایاجاتاتو اچھا ہوتا،پرویز الہی کی سپیکر شپ میں اس اسمبلی میں مثبت کردار ادا کیا گیا، آئندہ بھی اگر جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے موقع ملا تو کریں گے،اپنی انا سے بڑھ کر فیصلے کرنے چاہیئں، گذشتہ چند دنوں میں مرکز میں گرماگرمی ہے اگر سیاسی جماعتیں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تو جمہوریت مضبوط ہو گی،تلخ فیصلہ وقتی طورپرہوتاہے لیکن نتائج دوررس ہوتے ہیں،پروڈکشن آرڈر کے پیچھے سوچا کہ کس نے مستفید ہوناہے بلکہ جمہوریت کے فروغ کیلئے بہتر ہوسکتاہے ،پورا ایوان مبارک باد کا مستحق ہے اگر ضرورت پڑی تو عمران خان اور عثمان بزدار یہ نہیں دیکھیں گے کہ کس کو فائدہ ہو رہاہے بلکہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے فیصلے کریں گے،پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرحسن مرتضی نے کہا کہ خواجہ سلمان رفیق کو ایوان میں آنے پرمبارک باد دیتاہوں‘ پرویزالہی اور دیگر ارکان کو بھی مبارکباد دیتاہوں جنہوں نے مل کر کام کیا،سب کا رویہ مثبت ہے۔

ظہور الہی روڈ ‘ میوہسپتال اور گنگارام ہسپتال یاد دلاتے ہیں کہ عظیم کام کئے گئے،ہمارے جذبات و نظریات کو مد نظر رکھاجائے تعداد کم ہے تو کیا ہوا،،ہمیں کمیٹیوں میں نظر اندازکیاگیاہائوس کی عزت کیلئے ہمیشہ قربانی دینے کیلئے تیار ہوں،مخالفت برائے مخالفت پیپلزپارٹی کا رویہ نہیں رہا ملک و قوم کی بہتری کیلئے حکومت کا ساتھ دیں گے،قبل ازیں تحریک انصاف کی رکن مومنہ وحید نے رولز کی معطلی کی تحریک پیش کرکے ایک قرارداد پیش کی جس کے مطابق اگر کوئی اسمبلی کا رکن تین ماہ تک کامیاب ہونے کے بعد حلف نہیں اٹھاتا تو اس کی اسمبلی رکنیت ختم ہو جائے گی، خالی نشست کے حوالے سے آئین میں ترمیم کا بھی مطالبہ کیا گیا جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جاسوس ڈرون گرانے کے حق میں قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی،قبل ازیں وقفہ سوالات کے دوران وزیر خوراک کی جانب سے سوالوں کے تسلی بخش جوا ب نہ آنے پر سپیکر پرویز الہی نے برہمی کا اظہار کیا۔

سپیکر نے وزیر خوراک سے کہا کہ تیاری کرکے آیا کریں ، شوگر ملز کے حوالے سے حکومت نے پالیسی بنائی ہے تو وہ دیکھا دیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں پالیسی کی منظور ی لی جائے،بعدازاں ایجنڈا مکمل ہونے پرسپیکر نے اجلاس بدھ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات