سی پیک کے تناظر میں فیصل آباد سے گوادر تک ریلوے ٹریک کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے،مرزا ہدایت اللہ

منگل 15 جنوری 2019 23:44

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تناظر میں فیصل آباد سے گوادر تک ریلوے ٹریک کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے تاکہ اس پر تیز رفتار مسافر اور کارگو گاڑیوں کو چلایا جا سکے۔ یہ بات ریلوے بارے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین مرزا ہدایت اللہ نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کو صنعت و تجارت کے اہم مرکز کی حیثیت حاصل ہے جبکہ 4200ایکڑ پر ایم تھری انڈسٹریل اسٹیٹ کے بعد یہاں مزید 3000ایکڑ پر علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بھی قائم کیا جا رہا ہے جس کے بعد یہاں تیار ہونے والے برآمدی مال کی بیرون ملک روانگی کیلئے گوادر تک کے ریلوے ٹریک کو بحال اور اپ گریڈ کرنا انتہائی ضروری ہوگا۔

(جاری ہے)

اس لئے پہلے مرحلہ میں فیصل آباد سے لاہور ، خانیوال ، وزیر آباد اور سرگودھا سیکشن کے موجودہ ٹریک کو اپ گریڈ اور دو رویہ کیا جائے جس کے بعد ضرورت کے مطابق اس کو مزید شہروں تک توسیع دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آبادی کے لحاظ سے فیصل آباد ملک کا تیسرا بڑا شہرہے ۔ موٹرویز اور ایکسپریس ویز کے باوجود لوگ ریل کے ذریعے سفر کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ اس کے ذریعے مال کی نقل و حمل کی سہولت بھی سستے نرخوں پر مہیا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنتیس سال قبل فیصل آباد سے لاہور کے درمیان ہر نصف گھنٹہ بعد ایک ٹرین چلتی تھی اور ان کو ان کی ضرورت کے مطابق لوڈ بھی ملتا تھا۔

مگر ان منافع بخش روٹوں کو بند کر کے پورے ریلوے کے نظام کو تباہ کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اب بھی ریلوے کی بحالی کیلئے ضروری ہے کہ اس کے تمام منافع بخش روٹوں کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سے لاہور کے درمیان ہر گھنٹے بعد ایک نان سٹاپ ٹرین چلائی جائے جس میں آدھی بوگیاں لوئیر اے سی کی ہونی چاہیں۔ اسی طرح فیصل آباد سے ملتان ،کراچی ، سیالکوٹ ، راولپنڈی ، سرگودھا اور پشاور کیلئے بھی تمام روٹ بحال کئے جائیں ۔

مرزا ہدایت اللہ نے مزید کہا کہ فیصل آباد سے مال بردار گاڑیوں کے ذریعے بھیجے جانے والاسامان دس دن بعد ملتا ہے جبکہ ٹرکوں کے ذریعے یہ سامان دوسرے روز ہی پہنچ جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارسل اور مال بردار گاڑیوں کو بھی مسافر ٹرینوں کی طرح مقررہ شیڈو ل کے مطابق چلایا جائے ۔ اس طرح نہ صرف صنعت وتجارت کو فائدہ ہو گا بلکہ ریلوے کی آمدن بھی بڑھے گی۔ انہوں نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن کی بہتری کیلئے بھی فوری اقدامات کرنے پر زور دیا اور کہا کہ مسافروں کے سامان کی سکریننگ کیلئے موجودہ مشین کو ٹھیک کرنے کے علاوہ یہاں مزید دو مشینیں بھی لگائی جائیں۔