ڈرپ نظامِ آبپاشی غیر ہموار،پوٹھوہاری اور ریگستانی زمینوں کیلئے موزوں ترین ہے، محکمہ زراعت پنجاب

منگل 15 جنوری 2019 23:50

لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈرپ نظامِ آبپاشی ایک بہترین نظام ہے خاص طور پر غیر ہموار ، پوٹھوہاری یا ریگستانی زمینوں کیلئے ڈرپ نظام آبپاشی کا استعمال نہایت اہم ہے۔ڈرپ نظام آبپاشی ایک بہترین نظام ہے جس میں تمام پودوں کو ایک ہی وقت میں پانی اور کھاد مل جاتے ہیں اور کاشتکار کا وقت بھی ضائع نہیں ہوتا۔

روائتی طریقہ آبپاشی میں پانی ضائع ہونے کے ساتھ مناسب وقت پر فصل کو دستیاب نہیں ہوتا ہے جبکہ ڈرپ اریگشن سسٹم سے پانی کی درست فراہمی ایک ہی وقت پر سب پودوں کو ہو جاتی ہے اور پانی قطروں کی صورت میں براہِ راست پودوں کی جڑوں میں داخل ہوتا ہے۔حکومت پنجاب کی ڈرپ اریگیشن سسٹم لگانے پر 60فیصد سبسڈی کی فراہم کر رہی ہے اور اس ضمن میں شعبہ اصلاح آبپاشی کو 20 ہزار ایکڑ رقبہ کو ڈرپ نظامِ آبپاشی پرمنتقل کرنے کا ہدف دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

زرعی اراضی کو زرخیز بنانے کیلئے ڈرپ اریگیشن سسٹم کا چنائو اہم ترین قدم ہے ۔ڈرپ اریگشن سسٹم میں کھاد ، وقت ، مزدوری اور پانی کی 50فیصد تک بچت ہوتی ہے اور ساتھ غیر ضروری جڑی بوٹیوں کی نشوونما میں کمی واقع ہوتی ہے۔ڈرپ نظامِ آبپاشی ایک صاف ستھرا نظام ہے جس میں کھالے بنانے کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔ کاشتکار ڈرپ اریگیشن سسٹم لگوانے کیلئے محکمہ زراعت (واٹر منجمنٹ) کے شعبہ اصلاحِ آبپاشی کے مقامی دفاتر سے رابطہ کریں۔

ڈرپ اریگشن کی مدد سے کاشتکار دستیاب پانی کا بہترین استعمال کر سکتے ہیں۔ملک میںپانی کی کم دستیابی کے باعث ڈرپ نظامِ آبپاشی اس اعتبار سے بہترین ہے کہ اس میں پانی اور زرعی مداخل کی بچت کے ساتھ پیداوار میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ڈرپ نظامِ آبپاشی کے ذریعے پیداواری اخراجات میں 20 تا30 فیصد بچت جبکہ پانی کی 75 فیصد تک بچت ممکن ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :