چین کا پہلی بار چاند پر کپاس اگا نے کا کامیاب تجربہ، ابھی تک آلو اور سرسوں کے بیجوں سے کوئی کونپل نہیں نکلی

بدھ 16 جنوری 2019 10:40

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) چین نے پہلی بار چاند پر کپاس اگا نے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ تجربہ چاند پر بھیجی جانے والی حالیہ چینی سائنسی مہم کے دوران کیا گیا۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق چین کے خلائی سائنسدانوں نے چاند کے تاریک حصے پر خلائی گاڑی بھیجنے کا ارادہ کیا تو چین کی چونگ شن یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے وہاں حیاتیاتی تجربات کرنے کا فیصلہ کیا جس میں کچھ زمینی فصلوں کو چاند پر اگانا بھی شامل تھا جہاں درجہ حرارت، موسم اور کش ثقل، کچھ بھی زمین کے ماحول سے مطابقت نہیں رکھتا۔

یونیورسٹی کی ایڈوانس ٹیکنالوجی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سائنس دانوں نے چاند گاڑی میں بھیجنے کے لیے ایک بہت چھوٹا سا خصوصی کنٹینر تیار کیا جس کا سائز صرف 7 انچ تھا۔

(جاری ہے)

کنٹینر میں مٹی، پانی، ہوا اور بیج ڈالے گئے۔ انہوں نے چاند پر فصل اگانے کے لیے کپاس، آلو اور سرسوں کی ایک مخصوص قسم کے بیجوں کا انتخاب کیا۔ چاند گاڑی ’’چانگ فور‘‘ سے زمینی مرکز پر موصول ہونے والی تازہ تصویروں میں کپاس کے بیچ سے کونپلیں پھوٹتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں لیکن ابھی تک آلو اور سرسوں کے بیجوں سے کوئی کونپل نہیں نکلی۔ حیاتیاتی تجربہ کرنے والی سائنسدانوں کی ٹیم کے سربراہ ژی جنگ ژن نے کہا ہے کہ چاند کی سطح پر کسی حیاتیاتی نمو کا یہ پہلا تجربہ ہے۔