Live Updates

خان صاحب آپ سے ایک بات کرنی ہے

میرا بچہ بیمار ہے لیکن اس کے لیے یہاں بیڈ موجود نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال انتظامیہ کو فوراََ روتے ہوئے باپ کی شکایت دور کرنے کی ہدایت کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جنوری 2019 10:42

خان صاحب آپ سے ایک بات کرنی ہے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے منگل کی شب راولپنڈی کے بے نظیر بھٹو شہید اسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صحت عامر کیانی، معاون خصوصی افتخار درانی اور سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عامر محمودکیانی نے اسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔

تاہم اس موقع پر شہریوں نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے شکایتوں کے انبار لگا دئیے اور عمران خان نے بھی تمام لوگوں کے مسائل سنے۔اسپتال میں ہی ایک شخص نے عمران خان کو روک لیا اور کہا کہ خان صاحب آپ سے ایک بات کرنی ہے جس پر وزیراعظم عمران خان نے ہاتھ کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آ جاؤ آ جاؤ۔

(جاری ہے)

مذکورہ شخص نے عمران خان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور یہ بھی کہا کہ یہاں پر سونے کا انتظام موجود نہیں ہے۔

ایک اور شخص نے عمران خان نے سے کہا کہ میرا بچہ بیمار ہے لیکن یہاں اس کے لیے بیڈ نہیں۔پہلے میں ایک اور اسپتال میں تھا لیکن صرف بیڈ کے لیے یہاں آیا ہوں۔شہری کی شکایت پر وزیراعظم نے فوراََ انتظامیہ کو کہا کہ ان کے بچے کو بیڈ فراہم کیا جائے۔واضح رہے وزیراعظم نے بے نظیر بھٹو اسپتال میں صحت کی سہولیات، ہسپتال میں عوام کو میسر علاجمعالجہ کے معیار اور ہسپتال میں صفائی اور ادویات کی دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعظم زچہ بچہ وارڈ سمیت اسپتال کے مختلف شعبہ جات میں بھی گئے۔ انہوں نے زیر علاج مریضوں کی خیریت اور علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعظم نے اسپتال میں تیمار داری کیلئے موجود مریضوں کے اہلخانہ سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے اسپتال کو جدید آلات سے آراستہ کرنے، سہولیات میں اضافہ کرنے اور امراض کی تشخیص و علاج اور انتہائی نگہداشت کے شعبہ میں مزید سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات