رواں سال سرمایہ کاری کے کلیدی کردار پر توجہ دی جائے گی،چینی ترقیاتی و اصلاحاتی کمیٹی

بدھ 16 جنوری 2019 11:43

رواں سال سرمایہ کاری کے کلیدی کردار پر توجہ دی جائے گی،چینی ترقیاتی ..
بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) چین نے کہا کہ رواں سال سرمایہ کاری کے کلیدی کردارپر توجہ دی جائے گی۔چین کی ترقیاتی و اصلاحاتی کمیٹی کے نائب سربراہ لیئن وے لیانگ نے ریاستی کونسل کے تحت دفتر اطلاعات کے زیر اہتمام ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ رواں سال نئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو مضبوط بنایا جائے گا ،مصنوعی ذہانت اور انٹر نیٹ سے وابستہ اشیا کو فروغ دیا جائے گا ، 5 جی ٹیکنالوجی کی منڈی تک رسائی کی رفتار کو تیز بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہری اور دیہی بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو مضبوط بناتے ہوئے میونسپل اور لاجسٹکس جیسے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، غربت کے خاتمے اور دیہی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا۔ توانائی، آمدورفت اور پانی کی حفاظت سمیت بڑے بنیادی ڈھانچوں کی تعمیر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

لوگوں کی روز مرہ زندگی اور عوامی خدمت سے متعلق منصوبوں، خاص طور پر تعلیم، طب و علاج ،صحت اور معمر افراد کی دیکھ بھال میں بہتری کے لیے کوشش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات کی روک تھام کی صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے گا اور مشین سازی کی ٹیکنالوجی اور مشینی تنصیبات کی ترتیب نو کی جائے گی۔اس موقع پر چین کے مرکزی بینک یعنی چائنا پیپلز بینک کے نائب صدر جو حہ شن نے کہا کہ رواں سال کرنسی کی مستحکم پالیسی اپنائی جائے گی ، حقیقی معیشت کی ترقی کے لیے وافر مالی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ساختہ نوعیت کی مالیاتی پالیسی کے کردار پر بھِی توجہ دی جائے گی۔