گیس نیٹ ورک کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور عمان سے بات چیت جاری ہے،سعودی وزیر توانائی

بدھ 16 جنوری 2019 11:43

گیس نیٹ ورک کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور عمان سے بات چیت جاری ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سعودی وزیر توانائی خالد الفالح نے کہا ہے کہ مقامی توانائی کے نرخوں میں اصلاحات کے بعد پٹرول اور بجلی کی مقامی طلب میں کمی آئی ہے۔خالد الفالح نے اپنے ایک بیان میں اس توقع کا اظہار کیا کہ مقامی اصلاحات کے بعد 2030ء تک توانائی کا مقامی استعمال کم ہو کر یومیہ 15 سے 20 لاکھ بیرل تک آ جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ملک میں گیس کی بڑی دریافت کے بعد متحدہ عرب امارات اور عمان کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تا کہ گیس کے علاقائی نیٹ ورک کو پھیلایا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی ارامکو کمپنی گیس کے وسائل کی دریافت کے لیے کوشاں ہے تا کہ مقامی ضرورت کو پورا کیا جا سکے اور اس کے ساتھ مستقبل میں اسے برآمد کیے جانے کا بھی امکان ہے۔خالد الفالح نے کہا کہ تیل کی عالمی طلب ابھی تک مستحکم ہے اور وہ یہ توقع نہیں رکھتے کہ امریکی چینی تجارتی کشیدگی اس پر اثر انداز ہو گی۔ابوظبی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت بڑی حد تکمستحکم ہے اور انہیں کوئی گہری تشویش نہیں۔ الفالح کے مطابق اگر اس میں سست روی آئی بھی تو وہ مختصر دورانیے کی ہو گی۔