پرویز مشرف کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باوجود رقم نکلوا لی گئی

بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے دوران اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پر عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جنوری 2019 12:10

پرویز مشرف کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باوجود رقم نکلوا لی گئی
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جنوری2019ء) بینظیر بھٹو قتل کیس میں ملزم  اور سابق صدر پرویز مشرف کے بینک اکاؤنٹس منجمد ہونے کے باوجود رقم نکلوا لی گئی۔راولپنڈی کی خصوصی عدالت میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت ہوئی تو یہ بات سامنے آئی کہ پرویز مشرف کے منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوا لی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت میں بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کے دوران اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے کے انکشاف پر عدالت کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست 2017 کوبینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔

(جاری ہے)

منگل کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے جج اصغر خان نے آج بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ سابق صدر اور کیس کے اشتہاری ملزم پرویز مشرف کے 2 منجمد بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی گئی ہے جس پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ '2 بینکوں کے منجمد اکاؤنٹس میں سے رقم کس نے اور کیسے نکلوائی ۔

عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 فروری تک رپورٹ طلب کرلی۔انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی دیگر مکمل پراپرٹی اور اکاؤنٹس کی فہرست بھی طلب کرلی۔جب کہ سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے خواجہ امتیاز نے سابق صدر پرویزمشرف کے فارم ہاؤس پانچ پلاٹوں اور آٹھ سے زائد بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کر دیں۔