حریت رہنماء شاہد الاسلام کی ضمانت پر رہائی کیلئے این آئی اے کی عدالت میں درخواست دائر

بدھ 16 جنوری 2019 12:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںغیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء شاہد الاسلام کے اہلخانہ نے کہاہے کہ نئی دلی میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت میں شاہد الاسلام کی ضمانت پررہائی کیلئے ایک درخواست دائر کی گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت رہنماء کے اہلخانہ نے میڈیا کو بتایا کہ شاہد الاسلام کی اہلیہ نذہت شاہ کو گزشتہ اتوار کو فالج ہو گیا ہے جو سرینگر کے جے وی سی ہسپتال پر زیر علاج ہیں ۔

(جاری ہے)

انکے وکیل ایڈووکیٹ رجت کمار نے شاہد الاسلام کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کیلئے این آئی اے کی عدالت میں ایک عبوری درخواست دائر کی ہے ۔ شاہد الاسلام اور متعدد دیگر حریت رہنمائوں کو این آئی اے نے جھوٹے مقدمات کے تحت 2017میں گرفتار کرکے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند کر دیاتھا۔ ادھر حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق اور حریت رہنما بلال غنی لون نذہت شاہ کی عیادت کیلئے گئے اور انکی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔