مخلوط صوبائی حکومت عوامی مسائل کے عملی حل پر پختہ یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بدھ 16 جنوری 2019 12:30

مخلوط صوبائی حکومت عوامی مسائل کے عملی حل پر پختہ یقین رکھتی ہے، وزیراعلیٰ ..
چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ موجودہ مخلوط صوبائی حکومت عوامی مسائل کے عملی حل پر پختہ یقین رکھتی ہے، گذشتہ چار ماہ کے دوران ہم نے عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ان کے حل کی جانب پیش رفت کا آغاز کیا ہے اور عوام جلد ان کی زندگیوں میں آنے والی ایک مثبت تبدیلی کا خود مشاہدہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزیر خزانہ میر محمد عارف محمد حسنی کی رہائش گاہ پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر مشتمل وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزراء میرمحمد عارف محمدحسنی، میر ظہور احمد بلیدی، سینیٹر انورالحق کاکڑ، کمشنر رخشان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر چاغی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی بلوچستان ٰ نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل اس نوعیت کے نہیں جنہیں حل نہ کیا جاسکے تاہم ماضی کے غیر سنجیدہ رویوں اور ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکے اور نہ صرف عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رہے بلکہ مسائل میں بھی بتدریج اضافہ ہوتا چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ مسائل زیادہ اور وسائل کم ہیں تاہم حکومتی دستیاب وسائل کے صحیح مصرف کو یقینی بناکر عوام کو ان کی دہلیز پر تعلیم، صحت اور پانی جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نچلی سطح تک عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اختیارات کو ڈویژنل اور ضلعی سطح پر منتقل کیا گیا ہے اور فوری نوعیت کے مسائل کے حل کے لئے ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو اختیار کے ساتھ ساتھ مناسب فنڈ بھی فراہم کئے گئے ہیں، اب ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو کارکردگی دکھانا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چاغی سمیت دیگر اضلاع خشک سالی کا شکار ہیں اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ خشک سالی سے متاثرہ افراد کی فوری مدد کی جائے اور انہیں خوراک، ادویات کی فراہمی کے علاوہ بچوں کی غذائی ضروریات پوری کی جاسکیں جس کے لئے ابتدائی طور پر پچاس کروڑ روپے کے فنڈز کا اجراء کیا گیا ہے جبکہ خشک سالی کے اثرات سے نمٹنے اور صورتحال کی بہتری کے لئے قلیل مدتی، وسط مدتی اور طویل مدتی منصوبے تیار کئے جارہے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے ساتھ باصلاحیت اور محنتی وزراء کی ٹیم ہے جو عوامی مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے انہوں نے صوبائی وزیر خزانہ کی جانب سے ضلع چاغی کے مسائل کے حل اور ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چاغی کے عوام کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کررہے ہیں اور مختصر مدت کے دوران انہوں نے چاغی کے عوام کی بہتری کے لئے کئی ایک اقدامات کئے ہیں۔

اس موقع پر لوگوں کی جانب سے وزیراعلیٰ کو علاقے کے بعض مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کی درخواست کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ چاغی کو ایک ترقیافتہ ضلع بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پرنس فہد بن سلطان ویلفیئر ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ کو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کی کارکردگی، دستیاب سہولتوں اور درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعلی بلوچستان ٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صحت کی بہتر سہولتیں عوام کا حق ہیں۔ حکومت نے صوبے میں صحت ایمرجنسی نافذ کررکھی ہے جس کا مقصد اصلاحات کے نفاذ کے ذریعہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں ،طبی عملے ، جدید طبی آلات اور ادویات جیسی سہولتوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔ جام کمال خان ٰ نے کہا کہ دوردراز اضلاع کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں علاج معالجہ کے لئے کوئٹہ کا سفر نہ کرنا پڑے۔

انہوں ٰ نے ہسپتال میں ایکسرے مشین کی غیر فعالی کا نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت کو ہسپتال کے لئے نئی ایکسرے مشین کی فراہمی کی ہدایت کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔