بنوں میں کُنڈا کلچر ہر صورت ختم کیا جائے گا، امجدخان

ڈیوٹی سے غفلت برتنے اور کرپٹ افسران کو نوکری سے براخاست کیا جائے گا، پیسکو کے صوبائی چیف ایگزیکٹیو کا دورہ بنوں کے موقع پر اجلاس سے خطاب

بدھ 16 جنوری 2019 12:33

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) واپڈا پیسکو کے صوبائی چیف ایگزیکٹیو خیبر پختونخواامجد خان نے کہا ہے محکمے میں کرپٹ افسران کیلئے کوئی جگہ نہیں ،ڈیوٹی سے غفلت برتنے اور کرپٹ افسران کو نوکری سے برخاست کیا جائے گا‘بنوں میں کُنڈا کلچر ہر صورت ختم کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ بنوں کے موقع پر واپڈا افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بنوں کامران خان،ایس ای واپدا پیسکو نور اللہ خان،ڈی سی ایم نادر ولید خان،ایڈیشنل ایس ای گرڈ کنسٹرکشن سردار اسلم خان گنڈاپور،ایکسن 132گرڈ ناصر آفریدی،ٹانک،ڈیرہ،لکی مروت اور بنوں کے ایکسنز،ایس ڈی اوز ،ایکسین شان حیدر،ایکسن ٹو اسد جان،ریونیو آفیسر نصیب اللہ خان،پاکستان واپڈا ہائیڈرویونین کے سرکل چیئرمین پیر اشفاق خان،انفارمیشن سیکرٹری عمر علی خان ،ایس ایچ او تھانہ پیسکو ساجد خان ودیگر آفسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

امجد خان نے کہا کہ لائن لاسز میں کمزوری دکھانے والے اور ریکوری نہ کرنے والے خود جواب دہ ہوں گے ،اگر بقایاجات وصول نہیں ہورہے ہیں تو بجلی کی سپلائی منقطع کی جائے ،بجلی ان علاقوں کو دی جائے جہاں سے بقایاجات کی ادائیگی کی جاتی ہے، کیونکہ جس فیڈر پر آپ کام کرتے ہیں، پیسکو واپڈا ہائوس لاہور سے اسکی مانیٹرنگ ہوتی ہے اور وزارت پانی وبجلی کو ہم جوابدہ ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے ایس ڈی او مندرہ کینٹ ٹانک معاذ احمد ،امیر گل،ضیاء اللہ خان اور شہزاد علی کو بہترین کارکردگی پر داد دی، ہائیڈرویونین کے سرکل چیئرمین پیر اشفاق خان نے صوبائی چیف ایگزیکٹیو کو پیسکو تھانے کی عمارت،مسجد اور ریسٹ ہائوس کی خستہ حالی بارے بریفنگ دیتے ہوئے تعمیر ومرمت کا مطالبہ کرنے کے ساتھ ساتھ خراب شدہ گاڑیوں کی جگہ نئی گاڑیاں فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ،جس پر صوبائی چیف ایگزیکٹیو نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے پیسکو سٹاف کی کمی پورا کرنے کیلئے جلد نئی بھرتیوں کی یقین دہانی بھی کرائی ۔