ہائی سکول سیکٹر نمبر2 کی پیرنٹس ٹیچر کونسل کا پہلا تعارفی اجلاس، 6 ممبران پر مشتمل اکیڈمک اور پراجیکٹ کمیٹی کا قیام

بدھ 16 جنوری 2019 12:59

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ہائی سکول سیکٹر نمبر2 کی پیرنٹس ٹیچر کونسل کا پہلے تعارفی اجلاس میں طلباء کو بہتر تعلیم و تربیت کی فراہمی اور ادارہ کی تعمیر و ترقی کیلئے 6 ممبران پر مشتمل اکیڈمک اور پراجیکٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ادارہ کو پہلے سے بڑھ کر منظم اور فعال بنانے کے عزم اور امتحانی ہال کی تعمیر میں سالوں سے تاخیر پر محکمہ ورکس اینڈ مواصلات ہری پور پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ہری پور سے فوری نوٹس کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول سیکٹر نمبر2 کی پیرنٹس ٹیچر کونسل کا پہلا تعارفی اجلاس منعقد ہوا جس میں چیئرمین قاضی نثار احمد خان تنولی، سیکرٹری پرنسپل سید عابد حسین شاہ، ممبران سابق جنرل کونسلر محمد جاوید خان، نائب ناظم محمد یونس مغل، نائب ناظم عتیق الرحمن، جنرل کونسلر قیصر کامران، احمد زمان تنولی، حاجی اویس مالک لودھی، راشد خان اور شکیل احمد کے علاوہ دیگر تمام ممبران نے اجلاس میں گہرے دلچسپی اور لگن کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور انداز سے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا اور اس کے بعد سکول ہذا کے پرنسپل سید عابد حسین شاہ کے بہنوئی اور ہری پور نمبر ون سکول کے معروف سنیئر سی ٹی ٹیچر طارق تنولی کی چچی کی وفات پر فاتحہ اور دعا کی گئی۔ تعزیتی ریفرنس کے بعد پی ٹی سی کے سیکرٹری پرنسپل سید عابد حسین شاہ نے تعارفی اجلاس کے اغراض مقاصد اور ایجنڈا پیش کیا جس میں مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال اور بحث ہوئی۔

اجلاس میں پی ٹی سی کے ممبر جنرل کونسلر قیصر کامران نے ادارہ کی بہتری، تعمیر و ترقی اور طلباء کی بہتر تعلیم و تربیت کیلئے ممبران میں سے اکیڈمک اور پراجیکٹ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کی جس پر تمام ممبران نے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے سیکٹر نمبر دو محلہ بصیرہ کی ممتاز سماجی شخصیت اور پی ٹی سی کے ممبر محمد جاوید خان، ریٹائرڈ ایجوکیشن پرسن احمد زمان تنولی اور حاجی اویس مالک لودھی پر مشتمل تین رکنی اکیڈمک کمیٹی تشکیل دی گئی جو تعلیمی معیار اور نصابی سرگرمیوں کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔

نائب ناظم محمد یونس مغل، جنرل کونسلر قیصر کامران اور راشد خان پر مشتمل تین رکنی پراجیکٹ کمیٹی تشکیل دی گئی جو ادارہ میں تمام تعمیر و ترقی اور دیگر کاموں کی سکروٹنی کے ساتھ ساتھ اپنی تعمیراتی خدمات سرانجام دے گی۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران الیکشن میں سابق پی ٹی سی فنڈ سے لگائے گئے کیمروں کی مد میں خرچ شدہ رقم 90 ہزار روپے کے قریب کی رقم کا حکام بالا سے واپسی کا مطالبہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ ساڑھے تین سال سے جاری امتحانی ہال کی تعمیر میں سست روی اور تاخیری حربے استعمال کرنے پر محکمہ ورکس اینڈ مواصلات کے حکام پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ ہال کی تعمیر کو فی الفور مکمل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ چند ہفتہ قبل سکول میں ہونے والے واٹر بورنگ کی خرابی پر متعلقہ محکمہ سے نوٹس اور بور کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں دیگر امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال اور فیصلے کئے گئے۔