عجمان: بلندی سے پھینکے گئے بچے کو کیچ کرنے والے کا پتا چل گیا

فاروق اسلام نامی ویلڈر کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جنوری 2019 12:43

عجمان: بلندی سے پھینکے گئے بچے کو کیچ کرنے والے کا پتا چل گیا
عجمان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری 2019ء) کچھ روز قبل النُعیمیہ کے علاقے میں واقع ایک رہائشی بلڈنگ کی دُوسری منزل کے اپارٹمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ رات کے وقت واشنگ مشین میں ہونے والے شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والی آتش زدگی نے دیکھتے ہی دیکھتے پُورے اپارٹمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ماں نے صورتِ حال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے اپنے تین سالہ بچے کو دُوسری منزل سے نیچے پھینک دیا تھا۔

تاہم بلڈنگ کے نیچے کھڑے ایک راہگیر نے تیز رفتاری سے نیچے آتے بچے کو اپنے ہاتھوں میں بڑی مہارت سے کیچ کر کے اُسے یقینی موت سے بچا لیا تھا۔فاروق اسلام نامی اس فرشتہ صفت انسان کے بارے میں پتا چلا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کا شہری ہے۔ 57سالہ فاروق اسلام ویلڈنگ کا کام کر کے اپنی روزی کماتا ہے۔

(جاری ہے)

فاروق نے واقعے کے حوالے سے بتایا کہ جب بلڈنگ میں آگ لگی تو وہ بھی وہاں سے گزر رہا تھا۔

بلڈنگ سے بے حساب دُھواں نکل رہا تھا۔ اُس نے دیکھا کہ والدہ اپنے بچے کی جان بچانے کے لیے اُسے کھڑکی سے نیچے پھینک رہی ہے۔ وہاں اس وقت درجنوں لوگ اکٹھے تھے، مگر کسی کو بھی بچے کی جان بچانے کا خیال نہ سُجھا۔ فاروق کے مطابق ’’اچانک میں نے بے بس خاتون کی طرف دیکھا اور اُس نے میری طرف دیکھا اور بچے کو نیچے پھینک دیا۔ میں اللہ کا نام لے کر اپنے بازو پھیلائے اور اپنے اندازے کے مطابق وہاں کھڑا ہو گیا جہاں بچے نے میرے بازوؤں میں آنا تھا۔

اور پھر وہ لمحہ قریب آیا جب بچہ بالکل مجھ سے چند فٹ اُوپر تھا۔ میری حیرت کی انتہا نہ رہی جب بچہ ٹھیک میرے بازوؤں میں آن گِرا۔ مجھے تب یقین آیا جب وہاں موجود مجمعے نے تالیاں بجا بجا کر میرے اس اقدام کو خوب سراہا۔ لوگ اللہ کا شکر ادا کر رہے تھے۔ جب بچے کی والدہ نے دیکھا کہ وہ پُوری طرح محفوظ ہے تو پھر اُس نے بھی نیچے کھڑی ایک گاڑی کی چھت پر اندازے سے چھلانگ مار دی۔ اگرچہ وہ گاڑی کی چھت پر گِر کر بُری طرح زخمی ہو گئی تھی۔جس کا ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں علاج جاری ہے۔ عجمان پولیس نے فاروق الاسلام کو اُس کے انسانی ہمدردی اور بہادری والے اس اقدام پر اعلیٰ اعزاز سے بھی نواز دیا ہے۔