دُبئی ایئرپورٹ پر بیگ چوری کی وارداتوں میں ملوث جوڑا گرفتار

ملزمان درجنوں مسافروں کے سامان کی چوری کر چکے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جنوری 2019 13:48

دُبئی ایئرپورٹ پر بیگ چوری کی وارداتوں میں ملوث جوڑا گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری 2019ء) دُبئی کسٹمز نے انتہائی کوشش کے بعددُبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافروں کے سامان کی چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ دونوں کا تعلق ایک عرب مُلک سے بتایا جاتا ہے۔ کسٹمز حکام کے مطابق گزشتہ چند مہینوں کے دوران درجنوں مسافروں نے شکایت کی تھی کہ ایئرپورٹ پر اُن کا سامان چوری کیا جا گیا ہے۔

ہوشیار ملزمان کا پتا چلانے کے لیے ایک انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی۔ جس نے ابتداء میں ایئرپورٹ پر آنے والے 20 ہزارمسافروں کی آمد و رفت کا ریکارڈ چیک کیا۔اس فہرست کو مختصر کیا گیا تو 10 ایسے لوگوں کی نشاندہی ہوئی جن کی موجودگی سامان چوری کی وارداتوں کے دِن دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ثابت ہوئی۔

(جاری ہے)

آخر انویسٹی گیشن ٹیم کو تمام تر شک ایک عرب جوڑے پر ہوا۔

پتا چلا کہ یہ جوڑا 30 دسمبر 2018ء کو ایک بار پھر دُبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آئے گا۔ جس پراس مشکوک جوڑے کی نگرانی کے لیے چند افراد کی ڈیوٹی لگا دی گئی۔ جونہی یہ جوڑا ایئرپورٹ پر آیا تو انہوں نے بہت سے بیگ اُٹھا لئے اور کسٹم حکام کو جُل دینے کی خاطر دُوسرے مسافروں کے اُٹھائے گئے بیگوں پر لگے سٹیکر ہٹا لئے۔ مگر اُن کی اس حرکت کو خصوصی طور پر لگائے گئے کلوز سرکٹ ٹی وی کیمروں نے محفوظ کر لیا۔

اس پر انویسٹی گیشن کے اہلکاروں نے عرب جوڑے کے پاس جا کر اُن کے موجود سامان کے بارے میں پوچھا تو وہ کہنے لگے کہ یہ اُن کے ایک دوست کا سامان ہے۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ اس پر شناخت کے لیے لگائے گئے سٹیکر کہاں ہیں؟ تو وہ کوئی جواب نہ دے سکے۔ اس دوران ایک اہلکار نے ہال میں موجود وہ سٹیکر برآمد کر لئے جو عرب جوڑے نے سامان پر سے ہٹائے تھے۔ عرب خاتون نے تفتیش کے دوران اعتراف کر لیا کہ وہ اپنے ساتھی کے ساتھ مِل کر مسافروں کے سامان کی کئی بار چوری کر چُکی تھی۔ جس پر کسٹمز حکام نے خاتون اور اُس کے مرد ساتھی کے خلاف مقدمے کا اندراج کر کے اُنہیں دُبئی پولیس کے حوالے کر دیا۔

متعلقہ عنوان :