یورپ کے سب سے چھوٹے ملک میں لکسمبرگ میں مفت ٹرانسپورٹ کا اعلان

تمام عوامی ٹرانسپورٹ ٹرین، ٹرام اور بسوں میں سفر مارچ 2020 سے بالکل مفت کردیا جائے گا،وزیرٹرانسپورٹ

بدھ 16 جنوری 2019 14:59

یورپ کے سب سے چھوٹے ملک میں لکسمبرگ میں مفت ٹرانسپورٹ کا اعلان
لکسمبرگ سٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) یورپ کے سب سے چھوٹے ملک لکسمبرگ نے ملک میں جاری بدترین ٹریفک جام سے چھٹکارا پانے کے لیے ریل، ٹرام اور بسوں سمیت تمام سرکاری ٹرانسپورٹ کو 2020 سے مفت کرنے کے لیے اپنے منصوبے کا اعلان کردیا۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق 6 لاکھ 2 ہزار آبادی کے حامل لکسمبرگ نے بدترین ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے گزشتہ ماہ اپنے منصوبے کا اعلان کیا تھا کہ تمام عوامی ٹرانسپورٹ ٹرین، ٹرام اور بسوں میں سفر مارچ 2020 سے بالکل مفت کردیا جائے گا۔

وزارت پبلک ورکس اینڈ موبلٹی کے ترجمان ڈینی فرانک کے مطابق اس فیصلے سے ٹریفک کی بہتات میں کمی اور ماحولیات کے حوالے سے فائدہ پہنچے گا۔خیال رہے کہ لکسمبرگ جہاں یورپ کا سب سے چھوٹا ملک ہے وہی یورپ کے امیر ترین ممالک میں سے ایک ہے اور یورپی یونین کی بلند ترین جی ڈی پی رکھنے والے ممالک میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

لکسمبرگ 2 ہزار 586 اسکوائر کلومیٹر پر مشتمل ہے اور دارالحکومت لکسمبرگ سٹی سے کار کے ذریعے بیلجیم، فرانس اور جرمنی ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں پہنچا جاسکتا ہے۔

لکسمبرگ سٹی ایک مہنگا شہر ہے اور یہاں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ 80 ہزار افراد ان پڑوسی ممالک سے ملازمت کے لیے آتے ہیں۔وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق لکسمبرگ میں سرکاری ٹرانسپورٹ نظام پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے اور56 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سالانہ خرچ کیا جاتا ہے اور ہر سال ٹکٹ کی مد میں 4 کروڑ 60 لاکھ ڈالر وصول ہوتے ہیں۔ترجمان فرانک کا کہنا تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹ کو مفت کررہی ہے اور ملک اس وقت بہترین شکل میں ہے اور ہم حکومت کی جانب سے عوام کو بہترین معیشت سے فائدہ دینا چاہتے ہیں۔