اقوام متحدہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوائے۔سیدعلی گیلانی

بدھ 16 جنوری 2019 15:00

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) مقبوضہ کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود دیرینہ حل طلب سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس کے پر امن حل کیلئے کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے حیدرپورہ سرینگر میں حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کی طرف سے کشمیری عوام کو انکا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکار سے کشمیر جنت نظیر جہنم زار بن گئی ہے جہاں ظلم و تشدد،گرفتاریاں ، چھاپے ، قتل عام اور خواتین کی بے حرمتیاں روز کا معمول بن گئی ہیں ۔

اجلاس میں جاری تحریک آزادی کے خصوصی حوالے سے مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا اور بھارتی فوجیوںکی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلال صدیقی، محمد یوسف نقاش، خواجہ فردوس وانی، حمید اِلٰہی، مولوی بشیر عرفانی، سید محمد شفیع، یاسمین راجہ، ارشد عزیز، غلام محمد ناگو، شاہین اقبال، دیویندر سنگھ بہل، مسعودہ جی، محمد مقبول ماگامی اور مبشر اقبال سمیت تمام اکائیوں کے نمائندوںنے شرکت کی ۔

اجلاس میں اقوام متحدہ پر زور دیا گیاکہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدگی کامظاہرہ کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو ظلم وتشدد اور بربریت کے ذریعے زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا ہے۔ اجلاس میں برطانوی رکن پارلیمنٹ کے اس بیان کہ اگر ان کی پارٹی برسر اقتدار آئی تو وہ مسئلہ کشمیرکے حل میں مدد کریں گے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ بیان نہ صرف مظلوم کشمیریوں کیلئے حوصلہ افزاء ہے بلکہ اس سے جموںو کشمیر کی متنازعہ حیثیت کی بھی تائید اور تصدیق ہوتی ہے جس سے بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے مسلسل انکار کر رہا ہے ۔

حریت چیئرمین نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام کو بھارتی فورسز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام خاص طورپر حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت غیر قانونی طورپر نظربند کیا جارہا ہے اور انکی رہائی کے عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیاجاتا ۔

انہوںنے کہاکہ بہت سے ممالک کا بھارت کے ساتھ اقتصادی مفاد ہے جس کی وجہ سے وہ بھارت کے داغدار اور انسانیت کٴْش کردار سے واقف ہونے کے باوجود خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔انہوںنے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوںمیں اتحاد و اتفاق کو مزید مضبوط کریںاور تحریک مخالف عناصر کی سازشوں سے ہوشیار رہیں۔ سیدعلی گیلانی نے نام نہاد انتخابات کے بائیکاٹ کی اپیل دوہراتے ہوئے کہاکہ سڑک ،بجلی اور پانی کے نام پر ووٹ لینے والے بعد ازاں بھارت کے ہاتھ مضبوط کرتے ہیں۔