اے این پی تورغر نے تحصیل ناظم جدباء کی خالی نشست پر انتخاب کیلئے ضیاء الرحمن کو امیدوار نامزد کر دیا

بدھ 16 جنوری 2019 15:00

تورغر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) اے این پی تورغر نے تحصیل ناظم جدباء کی خالی نشست پر 21 جنوری کو منعقد ہونے والے الیکشن کیلئے ضیاء الرحمن کو امیدوار نامزد کر دیا۔ وہ 2015ء کے بلدیاتی الیکشن میں یو سی ہرنیل سے اے این پی کے ٹکٹ پر ممبر تحصیل کونسل منتخب ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

اے این پی ضلع تورغر کا اجلاس زیر صدارت چیئرمین سید شہزاد شاہ تحصیل ناظم کنڈر حسن زئی منعقد ہوا جس میں ضلعی نائب ناظم سید نواب گل، اکرم خان، اصغر خان، ماما گل، حاجی احمد، ضیاء الرحمن اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

اجلاس میں جدباء کی تحصیل نظامت کیلئے باضابطہ طور پر ضیاء الرحمن کو امیدوار نامزد کر دیا گیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید شہزاد شاہ نے کہا کہ اے این پی خدا کے فضل سے تورغر کی سب سے مضبوط اور مقبول جماعت ہے، جدباء تحصیل کونسل میں بھی خدا کے فضل سے ممبران کی حمایت سے فتح اے این پی کامیاب ہو کر عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کرے گی۔