دُبئی: خاتون نے رُخصتی والے دِن دُلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا

خاوند نے شادی کے انتظامات پر اُٹھنے والے بھاری اخراجات کی وصولی کے لیے مقدمہ درج کرا دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 16 جنوری 2019 14:35

دُبئی: خاتون نے رُخصتی والے دِن دُلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16 جنوری 2019ء) دُبئی میں ایک خاتون نے رُخصتی والے دِن دُلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر کے سب کو حیران کر دیا۔ خاتون کا ایک نوجوان کے ساتھ نکاح ہو چکا تھا مگر اُن کے درمیان کسی بات پر تلخی نے جنم لیا تو اُس نے عین شادی ہال میں دُلہا کے ساتھ جانے سے انکار کر دیا۔ اس پر دُلہا بھی سیخ پا ہو گیا اور شادی پر خرچ ہونے والے ڈیڑھ لاکھ درہم کے بھاری اخراجات اور دُلہن کو جہیز کی مد میں دیئے گئے سامان کی واپس کا مطالبہ کر دیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں دُلہا کی جانب سے جہیز دیئے جانے کا رواج ہے۔ چند روز بعد خاتون نے مقامی عدالت میں خُلع کے لیے درخواست جمع کرا دی۔ جس پر خاوند نے بھی رُخصتی سے انکار کرنے والی دُلہن کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کروا دیا۔

(جاری ہے)

خاوند کا کہنا تھا کہ اُس نے خاتون سے نکاح کیا اور شادی کو دُھوم دھام سے منانے کی خاطر ڈیڑھ لاکھ درہم کی بھاری رقم خرچ کر ڈالی ۔

اس کے علاوہ خاتون کو جہیز کا سامان بھی دیا تھا۔ خاتون سے شادی پر اُٹھنے والی بھاری رقم اور جہیز کا سامان واپس دلوایا جائے۔ عدالت نے چند روز کی سماعت کے بعد خاوند کے حق میں فیصلہ سُناتے ہوئے خاتون کو حُکم دِیا چُونکہ اُس کے عین وقت پر شادی سے انکار کے باعث خاوند کا بھاری مالی نقصان ہوا ہے، جس کی ذمہ داری سراسر خاتون ہے۔ اس لیے وہ اُسے خاوند کی جانب سے جہیز کی مد میں دیا گیا سامان اور ڈیڑھ لاکھ درہم کی رقم واپس لوٹائے۔ خاوند نے عدالت کو بتایا کہ اُس نے اپنی منکوحہ سے مصالحت کی بہتیری کوششیں کیں، مگر وہ اس کے لیے راضی نہیں ہوئی۔ اس پر عدالت نے خاتون کے حق میں خُلع کی ڈگری جاری کر دی۔ خاتون کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی اپیل کو خارج کر دیا گیا ہے۔