ڈپٹی سپیکر اسمبلی کے منصب پر فائز ہو کرعوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کروں گا‘ ڈپٹی سپیکر سردار عامر الطاف خان

بدھ 16 جنوری 2019 15:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) آزادکشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکرسردار عامر الطاف خان نے اپنے حلقہء انتخاب ایل ای18پونچھ سدہنوتی 02-کے عوام ووٹرز سپورٹرز کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے ووٹ کی طاقت سے اُنہیں اسمبلی کے فورم تک پہنچایا اور وہ ڈپٹی سپیکر اسمبلی کے منصب پر فائز ہو کرنہ صرف حلقہء انتخاب کے عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ اسمبلی جیسے بالا فورم کے وقار و تقدس کیلئے اپنی تمام تر صلاحتیں برئوے کار لائیں گے ۔

اُنھوں نے حکومت اور اپوزیشن کو اسمبلی کے فورم پر ایک ساتھ لے کر چلنے کا عندیہ دیا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جمہوریت تب ہی مستحکم ہوتی ہے جب جمہوری ا قدار بلند ہوں اپوزیشن اور حکومت کو اسمبلی کے فورم پر حق نمائندگی ادا کرنے کا بھرپور موقع ملے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر اسمبلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور پارلیمانی پارٹی و اتحادی جماعتوں کے ممبران اسمبلی کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُنہیں ڈپٹی سپیکر اسمبلی کے لیے تجویز و منتخب کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اور اپوزیشن کے تعاون سے کوشش ہوگی کہ ایوان اسمبلی کو غیر جانبداری سے چلایا جائے تاکہ اس بالا ہائوس میں عُمدہ قانون سازی کے علاوہ ریاستی عوام کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ یہ ایوان کشمیر کی آزادی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔ دریں اثناء بُدھ کے روز بھی اُن کے چیمبر میں مبارکباد دینے والے کارکنان، سیاسی و سماجی وفود ، اسمبلی سیکرٹریٹ کے سٹاف، اعلیٰ بیوروکریسی، وُکلاء کا انتہائی رش رہا۔

ملنے والوں نے ڈپٹی سپیکر اسمبلی کے دادا محترم سردار خان بہادر خان سابق وزیر حکومت کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ جس طرح سردار خان بہادر خان ریاست جموں و کشمیر کی سیاسی و سماجی شخصیت تھے، اُنہوں نے عوامی مسائل بلا تخصیص حل کروائے اسطرح و ہ ڈپٹی سپیکر اسمبلی کی حیثیت سے نہ صرف ایوان کے وقار میں اضافے کا باعث بنیں گے بلکہ سردار خان بہادر خان مرحوم کے نقش قدم پر چل کر عوامی خدمت میں اپنا مقام پیدا کریں گے۔ اُن کی مستقبل میں کامیابی کے لیے دُعا گو ہیں۔

متعلقہ عنوان :