ماہرین زراعت کی سورج مکھی کی کاشت کے لیے بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ 2 انچ رکھنے کی ہدایت

بدھ 16 جنوری 2019 15:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ سورج مکھی کابیج تر وتر حالت میں کاشت کیاجائے اور بیج کی گہرائی زیادہ سے زیادہ 2انچ رکھی جائے تاکہ اس کی بہتر نشو ونما میں مدد مل سکے نیز اگر کھیلیوں پر سورج مکھی کابیج کاشت کرناہوتو کھیلیاں آلو کاشت کرنے والے رجر سے شرقاً و غرباً نکالی جائیں اور پہلے کھیلیوں میں پانی لگایاجائے اور پھر جہاں تک وتر پہنچے اس سے تھوڑااوپر خشک مٹی میں جنوب کی طرف بیج لگایا جائے ۔

انہوںنے بتایاکہ آج کل سورج مکھی کی بہاریہ کاشت کاعمل جاری ہے جسے اگلے ماہ فروری کے آخر تک کاشت کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ سورج مکھی کی شاندار پیداوار حاصل کرنے کیلئے اس کی صحیح وقت پر کاشت انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جس طرح پنجاب میں گندم ، دھان ، کپاس ، گنے کی فصلات کامیابی سے کاشت کی جا رہی ہیں اسی طرح سورج مکھی کی فصل بھی انتہائی کامیابی سے کاشت کی جاسکتی ہے۔

انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار فصلات ربیع بالخصوص گندم کی فصل کسی بھی وجہ سے وقت پر کاشت نہ کرسکے ہوں تو وہ سورج مکھی کی کاشت سے خاطر خواہ آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ سورج مکھی کی فصل صر ف بھاری میرا زمین میں ہی کاشت کی جاسکتی ہے۔ انہوںنے بتایاکہ مزید رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا ماہرین زراعت سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے۔

متعلقہ عنوان :