چین‘ بیلاروس سمیت کئی ممالک نے پاکستانی آلو کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے

وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان کا قومی اسمبلی میں جواب

بدھ 16 جنوری 2019 15:37

چین‘ بیلاروس سمیت کئی ممالک نے پاکستانی آلو کی خریداری میں دلچسپی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان نے کہا ہے کہ چین‘ بیلاروس سمیت کئی ممالک نے پاکستانی آلو کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ آلو کی فصل کے حوالے سے مسائل اتنے نہیں ہیں جتنے بیان کئے جارہے ہیں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں معین وٹو اور دیگر اراکین کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کے جواب میں انہوں نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ اجلاس میں آلو کی فصل کے حوالے سے جب معاملہ اٹھا تو انہوں نے رائو اجمل کو اگلے روز اپنے دفتر میں آنے کی دعوت دی۔

وہاں پر متعلقہ حکام کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ خود نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سالانہ 4.4 ملین ٹن آلو پیدا ہوتا ہے جن میں سے 3.2 ملین ٹن ملک میں استعمال ہوتا ہے جبکہ 6 سے 7 لاکھ ٹن برآمد کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

پچھلے دنوں چین اور بیلاروس کے سفیروں سے ملاقات ہوئی۔ وہ پاکستانی آلو خریدنا چاہتے ہیں۔ چین 50 ہزار ٹن جبکہ بیلاروس 35 ہزار ٹن آلو خریدے گا۔ یہ اتنا مسئلہ نہیں ہے جتنا بتایا جارہا ہے۔ رواں سال ایف بی آر نے سبزیوں اور پھلوں کے برآمد کنندگان کے گزشتہ ریکارڈ کو چین کرنے کی بات کی تھی جس کے بعد مڈل مین نے یہ ایشو اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس حوالے سے بات چیت کے لئے تیار ہیں اور تمام فریقوں کی مشاورت سے اس کا حل نکالا جائے گا۔