چیف جسٹس نے بلاول بھٹو زر داری او ر وزیر اعلیٰ سندھ کانام ای سی ایل سے نکالنے کا نہیں اس پر غور کا کہا ہے ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اگر بلاول بھٹو زر داری وزیر اعلیٰ سندھ کے نام ای سی ایل پر نہیں بنتا تو ہٹا دینگے،بہت سے اختلافات کو سامنے رکھنے کے باوجود اپوزیشن لیڈر کی چیئرمین پی اے سی پر حق کو مانا، ہم احتجاج کرتے تھے تو کہتے تھے جمہوریت ڈی ریل ہوجائے گی،آج ہمیں تلقین کرنے والے بھی اس پر خود بھی عمل کریں ،ْ اسمبلی میں اظہار خیال اگر پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ہوتا تو 24 گھنٹے میں نام نکل چکا ہوتا، ایک رکن کا نام ای سی ایل میں تھا ،وہ ملک سے باہر چلا گیا ، سید نوید قمر جمہوریت کو خطرہ اپوزیشن سے نہیں حکومت سے ہے، ایک ایسا شخص جو کبھی حکومت میں نہیں رہا اس کا نام کیوں ای سی ایل میں ڈالا گیا شاہد خاقان عباسی

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے بلاول بھٹو زر داری او ر وزیر اعلیٰ سندھ کانام ای سی ایل سے نکالنے کا نہیں اس پر غور کا کہا ہے ،اگر بلاول بھٹو زر داری وزیر اعلیٰ سندھ کے نام ای سی ایل پر نہیں بنتا تو ہٹا دینگے،بہت سے اختلافات کو سامنے رکھنے کے باوجود اپوزیشن لیڈر کی چیئرمین پی اے سی پر حق کو مانا، ہم احتجاج کرتے تھے تو کہتے تھے جمہوریت ڈی ریل ہوجائے گی،آج ہمیں تلقین کرنے والے بھی اس پر خود بھی عمل کریں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ چیف جسٹس آف پاکستان نے بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل سے نام نکالنے کا نہیں بلکہ اسے پر غور کا کہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم نے چیف جسٹس کے فیصلے سے انکار نہیں کیا ہے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو اور وزیراعلی سندھ کے نام ای سی ایل پر نام نہیں بنتا تو ہٹادینگے ۔

انہوںنے کہاکہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ابھی تک چیف جسٹس کا تحریری فیصلہ نہیں آیا ،جب تک فیصلہ تحریری طور پر نہیں آتا اس وقت تک انتظار کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تفصیلی فیصلے سے پہلے کوئی بھی پوزیشن لینا مناسب نہیں ہے ۔ اجلاس کے دور ان اظہار خیال کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ہوتا تو 24 گھنٹے میں نام نکل چکا ہوتا ۔

سید نوید قمر نے کہاکہ پی ٹی آئی کے ایک رکن کا نام ای سی ایل میں تھا اور وہ ملک سے باہر چلا گیا۔سید نوید قمر نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی ہجر اسود ہے کہ اس کو ہاتھ لگانے سے کافر مسلمان ہوجائے ۔سید نوید قمر نے کہاکہ اس معاملے پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو بلایا جائے اور اس معاملے پر ایوان کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے۔سید نوید قمر نے کہا کہ ای سی ایل کو سیاسی انتقام کے حربہ کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

سید نوید قمر نے کہاکہ آپ چیف جسٹس کی ریٹائرمنٹ کا انتظار کررہے ہیں تاکہ وہ چلے جائیں اور فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہو۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 172 افراد کو عجلت میں ای سی ایل میں ڈالا گیا جو نہیں ہونا چاہیے تھا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اب بھی چاہتے ہیں اس معاملے عجلت کا مظاہرہ نہ کیاجائے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں بہتر روایات کو فروغ دینا ہے، ماضی میں کس طرح ای سی ایل استعمال ہوتا رہا اس میں نہیں جاؤں گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس ایوان میں تجربہ کار افراد بیٹھے ہیں جنہوں نے مختلف ادوار دیکھے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس ایوان میں چلانے میں اپوزیشن کا کردار ہے وہ بھی اسے چلانے میں تعاون کرے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پوائنٹ اٹھائیں، حکومتی کمزوریوں کو اٹھائیں لیکن حکومتی نکتہ نظر ضرور سنیں،دو روز پہلے بھی ایک نجی بل تھا اس پر ووٹنگ ہوئی تو حکومتی ارکان زیادہ تھے۔

سابق وزیر اعظم شاہد خان عباسی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کو خطرہ اپوزیشن سے نہیں حکومت سے ہے۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ چند جملوں میں وزیر خارجہ بتادیں وہ کہنا کیا چاہتے ہیں انہوںنے کہاکہ اگر بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈال کر جمہوریت کی پاسداری کررہے ہیں تو آپ کے ساتھ ہیں آپ خود بلاول بھٹو کا نام جمہوری روایات کے پیش نظر کردیتے تو کیا ہی اچھا ہوتا ۔

انہوںنے کہاکہ ایک ایسا شخص جو کبھی حکومت میں نہیں رہا اس کا نام کیوں ای سی ایل میں ڈالا گیا۔شاہد خاقان عباسی کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ معزز رکن نے کہا ہے کہ چند جملوں میں وزیر خارجہ بتا دیں میں صرف ایک جملہ کہونگا کہ ’’حوصلہ رکھیں ‘‘۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم احتجاج کرتے تھے تو کہتے تھے جمہوریت ڈی ریل ہوجائے گی،آج ہمیں تلقین کرنے والے بھی اس پر خود بھی عمل کریں ۔انہوںنے کہاکہ بہت سے اختلافات کو سامنے رکھنے کے باوجود اپوزیشن لیڈر کی چیئرمین پی اے سی پر حق کو مانا۔انہوںنے کہاکہ بنیادی حقوق آئین میں ہیں جن کا تحفظ ضروری ہے اس حوالے سے سپریم کورٹ آزاد بھی ہے اور خودمختار بھی شامل ہے۔