وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیر صدارت اجلاس ‘ 1ارب 32کروڑ 54 لاکھ روپے کے تین منصوبہ جات کی منظوری دے دی گئی

مسلم لیگ ن کی حکومت کے تعمیروترقی کے ویژن کوعملی جامع پہنانے کیلئے ترقیاتی عمل بھرپور انداز میں مکمل کیا جارہا ہے‘راجہ فاروق حیدر

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) آزادجموںوکشمیرکابینہ ترقیاتی کمیٹی کا مالی سال 2018-19کا دوسرا اجلاس وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں 1ارب 32کروڑ 54 لاکھ روپے کے تین منصوبہ جات کی منظوری دے دی گئی ۔اجلاس میں سینئر وزیرچوہدری طارق فاروق ،وزرائے کرام ،چیف سیکرٹری آزادکشمیردائود احمد خان ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ ،سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

کابینہ ترقیاتی کمیٹی میں منظور کردہ منصوبہ جات میں شعبہ کیمونیکیشن اینڈ ورکس اور ہائر ایجوکیشن کے جن اہم منصوبہ جات کو زیر غور لایا گیا ان میں ضلع مظفرآباد میں 40کلو میٹر رابطہ سڑکوں کی بہترگی و پختگی اور آزادکشمیرمیں 6انٹرکالجز اور 6 ڈگری کالجز کی عمارات کی تعمیر کے منصوبہ جات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہم نے پہلی مرتبہ ترقیاتی بجٹ عوامی ضروریات اور طویل منصوبہ بندی کے تحت خرچ کیا اڑھائی سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے سابق دورمیں منصوبہ جات تو منظورکرلیے جاتے تھی50 کروڑ کے منصوبہ کیلئے اوسط دو کروڑ سالانہ رکھے جاتے تھے جس کی وجہ سے منصوبہ جات کی تکمیل تک بہت وقت اورضرورت سے زیادہ وسائل خرچ کردیے جاتے تھے۔

موجودہ حکومت نے نہ صرف پچھلی حکومت کے چھوڑے ہوئے منصوبہ مکمل کیے بلکہ سینکڑوں نئے منصوبہ جات بھی شروع کیے۔ ماضی میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کی بغیر کسی منظم منصوبہ بند ی کے استعمال اور عدم توجہی کے باعث آج صرف محکمہ تعلیم کی مکانیت کے منصوبہ جات کیلئے 40ارب روپے کا بجٹ درکار ہے جبکہ دیگر تمام شعبہ جات کی حالت بھی اس سے ملتی جلتی ہے ۔

ہماری حکومت نے آزاد کشمیر کی تاریخ کاسب سے زیادہ بجٹ میں اضافہ کروایا اور زمین پر خرچ بھی کیا ۔ جس کے تسلسل میں آئندہ پانچ سال اس طرح منصوبہ بندی کی جائے گی کہ عوام کی بنیادی ضروریات پوری ہوں اور پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو ۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے تعمیروترقی کے ویژن کوعملی جامع پہنانے کیلئے ترقیاتی عمل بھرپور انداز میں مکمل کیا جارہا ہے ۔

تمام ترقیاتی منصوبہ جات کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوامی ضروریات کے زیادہ سے زیادہ منصوبہ جات شروع کیے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو زندگی کی بنیادی ضروریات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری حکومت کی اولین ترجیحی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پورے آزادکشمیرمیں ترقیاتی عمل بلا تخصیص جاری ہے اور ترقیاتی منصوبہ جات کی شفاف اور معیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔

انہو ں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے ترقیاتی عمل کی رفتار کو بہتر کیا جائے اور منصوبہ جات کی معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ترقیاتی عمل کا تسلسل بے حد ضروری ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے آزادکشمیرکے ترقیاتی بجٹ میں دوگنا اضافہ کیا جس سے آزادکشمیرمیں تعمیروترقی کے نئے دور کا آغاز ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ترقیاتی عمل سیاسی ضرورت کے بجائے عوامی ضرورت کے تحت شروع کررکھا ہے ۔ہمارے منصوبہ جات زمین پر نظر آرہے ہیں ۔ ماضی میں منصوبہ جات کیلئے دد دو کروڑ کی رقم مختص کرکے انہیں سال ہاسال تک لٹکایا جاتا تھا جس کی وجہ سے ان کی لاگت میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا تھا ۔انہوں کہا کہ ہماری حکومت کے منصوبہ جات کو معیاد کے اندر مکمل کروانے کیلئے اقدامات کیے ہیں اور فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا ہے تاکہ منصوبہ جات التواء کا شکار نہ ہوں اور ان کی لاگت میں اضافہ بھی نہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزراء اور سیکرٹریز ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر مانیٹرنگ کریں تاکہ ترقیاتی عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔