کوئی این آراو نہیں مانگ رہا ہے اور نہ ہی حکومت اس پوزیشن میں ہے،امتیازشیخ

سپریم کورٹ نے نیب کو دوبارہ تحقیقات کا کہا ہے، اگر سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مان لیتی تو عدالتی حکم کچھ اور ہوتاوزیرتوانائی سندھ

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) سندھ وزیربرائے توانائی اورپاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما امتیازاحمدشیخ نے کہاہے کہ کوئی این آراو نہیں مانگ رہا ہے اور نہ ہی حکومت اس پوزیشن میں ہے،سپریم کورٹ نے نیب کو دوبارہ تحقیقات کا کہا ہے، اگر سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی رپورٹ کو مان لیتی تو عدالتی حکم کچھ اور ہوتا۔

(جاری ہے)

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا پہلے بھی احتساب ہوا اب بھی وہ سامنا کریں گے لیکن ملکی معیشت استحکام سے ہی آگے بڑھ سکتی ہے، ان کی یہ نااہلی ہے کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد کم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے معاملے پرپہلے وزیراعظم رابطہ کریں، ہوسکتا ہے اس معاملے پرحکومت کو اداروں کی مدد لینی پڑے۔امتیاز شیخ نے کہاکہ وفاقی وزراء حملوں میں مصروف ہیں، حالانکہ ان کی اپنی حکومت چند ووٹوں سے بنی ہوئی ہے، اس حکومت نے چندماہ میں اپوزیشن کو قریب کردیا ہے۔