’’ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘‘ کا کشمیری صحافی آصف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ

بدھ 16 جنوری 2019 15:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) امریکہ میں قائم صحافیوںکے حقوق اور صحافتی آزادی کے حوالے سے بین الاقوامی تنظیم ’’ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘‘ نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری صحافی آصف سلطان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ بھارتی پولیس نی سرینگر سے شائع ہونے والے اخبار ’’ کشمیر نریٹر‘‘ کے ساتھ منسلک آصف سلطان کو ممتاز نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کے حوالے سے ایک مضمون لکھنے کی پاداش میں گزشتہ برس 27اگست کو گرفتار کیا تھا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ’ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس‘‘نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسے گوکہ اس بات کا بخوبی ادارک ہے کہ کشمیرکو ایک مشکل صورتحال کا سامنا ہے لیکن کسی کے حوالے سے کوئی تحریر رقم کرنا یا کسی سے انٹرویو لینا ایک صحافی کے دائرے کار میں آتا ہے اور یہ کوئی جرم نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

بیا ن میں کہا گیا کہ کسی ضروری معاملے کے حوالے سے رپوٹنگ کرناکوئی جرم نہیں بلکہ ایک عوامی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ذرائع ابلاغ سے وابستہ افراد کشمیر میں ایک خطرناک ماحول میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیںاور تنظیم کو علاقے میں پریس کی آزادی کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اس نے گزشتہ برس بھی اپنی ایک رپورٹ میں کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور کئی رپورٹروں کی گرفتاری اور ان سے پوچھ گچھ کا ذکر کیا تھا۔ بیان میں مقبوضہ کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک پر زور دیا گیا وہ کہ آصف سلطان کی فوری رہائی اور ان پر لگائے گئے الزامات ختم کرانے کیلئے کردار ادا کریں۔