پارلیمنٹ کو پاکستان کاسب سے طاقتور ادارہ قرار دلوانے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کیلئے 22جنوری تک کی مہلت

بدھ 16 جنوری 2019 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے پارلیمنٹ کو پاکستان کاسب سے طاقتور ادارہ قرار دلوانے کی درخواست پر وفاقی حکومت کو جواب جمع کروانے کے لئے 22جنوری تک کی مہلت دیدی ۔ گزشتہ روز ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست لائرز فانڈیشن فار جسٹس نے اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کر رکھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست اپنی طاقت کا استعمال لوگوں کے منتخب کردہ نمائندوں کے ذریعے کرتی ہے، ججز اور فوج کو احتساب کے دائرے میں لایا جائے کیونکہ اسلام میں کسی کو استثنیٰ حاصل نہیں ہے،ججز اور فوج کو احتساب کے ادارے میں نہ لانا آئین کے آرٹیکل 25 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پارلیمنٹ کو سپریم ادارہ قرار دے جو ججز اور فوجی افسران کے سربراہان کو طلب کر سکتا ہے،نیب قوانین کا فوجی افسران اور اعلی عدلیہ کے ججز پر اطلاق کا حکم دیا جائے اور پارلیمنٹ کو ملک کا طاقتور ترین ادارہ قرار دیا جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کے روبرو جواب داخل نہیں کروایا جا سکا ۔ جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو 22 جنوری تک ہر صورت جواب داخل کروانے کا حکم دیدیا ۔