ن) لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کی نااہلی کیلئے دائر الیکشن پٹیشن مسترد کر دی گئی

بدھ 16 جنوری 2019 15:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے پی پی 184 اکاڑہ سے مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی سیدہ مومنات محسن عرف جگنو محسن کی نااہلی کے لیے دائر الیکشن پٹیشن مسترد کر دی ۔مسٹر جسٹس چوہدری محمد اقبال پر مشتمل الیکشن نے ناکام امیدوار سید رضا گیلانی کی الیکشن پٹیشن پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے وقار اے شیخ ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا تھا کہ کہ سیدہ مومنات نے الیکشن لڑتے وقت گوشوارے چھپائے اور اپنی زرضی اراضی کا بھی ذکر نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ آرٹیکل 62۔63کی اہل نہیں رہیں ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ سیدہ مومنات کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کوکالعدم قرار دیکر حلقہ میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا جائے ۔جبکہ رکن پنجاب اسمبلی جگنو محسن کی طرف سے خالد اسحاق ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن پٹیشن اور بیان حلفی اوتھ کمشنر کی تصدیق کے بغیر دائر کی گئی ایسے میں الیکشن پٹیشن قابل سماعت نہیں ہے ۔