Live Updates

تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حامل عمارات کے اصل مالک عوام ہیں

تاریخی اہمیت کی حامل عمارات تک عوام کو رسائی اوران کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں سرکاری عمارات کے مناسب استعمال پر پیشرفت کا جائزہ

بدھ 16 جنوری 2019 16:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے تاریخی و ثقافتی ورثے اور مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ سازی (میپینگ) جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی اور ثقافتی ورثے کی حامل عمارات کے اصل مالک عوام ہیں، سرکاری عمارات کے مناسب استعمال کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں ثقافتی ورثے کی حامل سرکاری عمارات کے دوبارہ استعمال کی قومی نگران کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم ہائوس، صوبوں میں گورنر ہائوسز، کراچی اور لاہور میں سٹیٹ گیسٹ ہائوسز، قصر ناز اور ملک کے مختلف حصوں میں واقع دیگر عمارات سمیت سرکاری عمارات کے مناسب استعمال پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ اس کے دو مقاصد ہیں، پہلا مقصد تاریخی اہمیت کی حامل ان عمارات تک عوام کو رسائی دینا ہے جو ان کے اصل مالک ہیں اور دوسرا مقصد نظام وضع کر کے ان تاریخی عمارات کا تحفظ کرنا ہے تاکہ ان کی دیکھ بھال اور مرمت کیلئے ان سے ریونیو جمع کیا جا سکے اور ٹیکس دہندگان کی رقم ان کی مرمت کے مقاصد کیلئے استعمال نہ ہو۔ وزیراعظم نے سوچ میں تبدیلی لانے پر زور دیا جس سے پبلک عمارات کے مناسب استعمال کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے تاریخی اور ثقافتی اہمیت اور مذہبی سیاحت کی حامل عمارات کی نقشہ سازی (میپنگ) جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ تاریخی اہمیت کی عمارات، مذہبی مقامات اور دیگر سیاحتی جگہوں پر واقع عمارات ملک بھر میں پھیلی ہوئی ہیں اور بہت زیادہ سیاحتی مواقع کی حامل ہیں جنہیں دنیا کے سامنے متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات