Live Updates

فواد چوہدری ماضی میں کس کے ساتھ سیلفی لینے کیلیے منتیں کرتے تھے؟

جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے تو فواد چوہدری منتیں کرتے تھے کہ ان کے ساتھ میری سیلفی بنوا دیں لیکن میں نہیں بنوانے دیتا تھا۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور کا الزام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جنوری 2019 16:21

فواد چوہدری ماضی میں کس کے ساتھ سیلفی لینے کیلیے منتیں کرتے تھے؟
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری2019ء) صوبائی وزیر تیمور تالپور کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے تو فواد چوہدری منتیں کرتے تھے کہ ان کے ساتھ میری سیلفی بنوا دیں۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری مخالفین کو کرارے جواب دینے میں خوب مہارت رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی تحریک انصاف کے ساتھ ایک طویل رفاقت قائم ہو چکی ہے۔

بہت سے دوسرے رہنماوں کی طرح وہ بھی دوسری پارٹیوں کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں آئے تاہم پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اب انکا ایک گہرا تعلق بن چکا ہے۔جیسے وہ پارٹی ترجمان کی حیثیت سے بہت زیادہ متحرک رہتے تھے ویسے ہی وہ وفاقیوزیر اطلاعات بن کر بھی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لینے سے نہیں چوکتے۔

(جاری ہے)

مخالفین کو تگڑے جواب دینا اور ان کو تنقید کا نشانہ بنانا ،وفاقی وزیر اطلاعات کا خاصا ہے اور وہ یہ فریضہ بڑے اچھے انداز سے سرانجام دے رہے ہیں ۔

لیکن ماضی میں کئی پارٹیاں بدلنے پر فواد چوہدری کو مخالفین کی طرف سے تنقید برداشت کرنا پڑتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے فواد چوہدری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے تو فواد چوہدری منتیں کرتے تھے کہ ان کے ساتھ میری سیلفی بنوا دیں۔تیمور تالپور کا مزید کہنا تھا کہ میں فواد چوہدری کو سیلفی نہیں بنوانے دیتا تھا تاہم ان کے خیال پلاؤ اب بھی بنتے رہیں گے۔

جب کہ پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان قائرہ بھی فواد چوہدری پر تنقید کر چکے ہیں ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری پہلے آصف علی زرداری کے وکیل ہوتے تھے ، وہ بہت جلد عمران خان کے مخالف ہوں گے۔واضح رہے فواد چوہدری ان دنوں کراچی میں موجود ہیں انہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے منگل کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔ وفاقی وزیر نےگورنر سندھ کو کراچی میں اپنی مصروفیات کے حوالے سے آگاہ کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات