قومی ٹیم بھی اس آسٹریلیوی ٹیم کو ہوم گراﺅنڈز پر ٹیسٹ سیریز ہرا سکتی ہے :محمد یوسف

حالیہ برسوں کے دوران اس جیسی کمزورآسٹریلین ٹیم دیکھنے میں نہیں آئی:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جنوری 2019 16:23

قومی ٹیم بھی اس آسٹریلیوی ٹیم کو ہوم گراﺅنڈز پر ٹیسٹ سیریز ہرا سکتی ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 جنوری2019ء) سابق قومی کپتان محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اگرچہ طویل فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی بھی بہت اچھی نہیں لیکن وہ بھی آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیت سکتی ہے کیونکہ حالیہ برسوں میں آسٹریلیا کی اس جیسی کمزور ترین ٹیم دیکھنے میں نہیں آئی۔ایک انٹر ویو کے دوران محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی ٹیم کی قدرو قیمت کم نہیں کرنا چاہتے جس نے شاندار کارکردگی پیش کی لیکن انہوں نے آسٹریلیا کی اتنی کمزور ٹیم پہلے کبھی نہیں دیکھی۔

سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کا کارنامہ کسی طرح بھی کمتر نہیں کہا جا سکتا جس نے سیریز جیتنے کے لیے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا کہ جب گزشتہ سیریز میں یو اے ای کے میدانوں پر پاکستان نے آسٹریلیا کو0-1سے ہرایا تو انہیں قطعی کوئی حیرانگی نہیں ہوئی تھی کیونکہ موجودہ آسٹریلین ٹیم میں اتنی جان ہی باقی نہیں رہی ہے۔

(جاری ہے)

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا جانے کا موقع ملے تو انہیں کوئی شک نہیں کہ اس کا بھی پہلی بار ٹیسٹ سیریز جیتنے کا سنہری چانس ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں موجودہ آسٹریلین ٹیم کے مقابلے میں کہیں بہتر ہیں خاص کر بہترین اور معیاری بیٹنگ لائن کی مالک بھارتی ٹیم کے باﺅلرز نے بھی ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ باﺅلنگ کا آرٹ سیکھ لیا ہے۔

سابق قومی کپتان کے مطابق گزشتہ دو سال سے آسٹریلیا کو بیرون ملک جیتنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس کی کارکردگی میں زوال کی وجہ سٹیو سمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی عدم موجودگی ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں بھارت نے آسٹریلیا کو1-2سے مات دے کر پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل کیا جس نے کینگروز کو ان کی سرزمین پر ہرایا۔