چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کا نیوٹاؤن میں لیڈیز پارک اور بہادرآباد میں فٹ پاتھ و سڑک کا معائنہ

بدھ 16 جنوری 2019 17:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ پارکوں میں پودوں کی افزائش خوش آئند ہے ان پودوں کی مدد سے ضلع میں شجر کاری کو مزید وسعت دی جاسکتی ہے، بہادرآباد میں فٹ پاتھ کو درست کرنے کے ساتھ گٹر کی صفائی سمیت پارکنگ کے مسائل دور کئے جائیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی اختر علی شیخ، سپریٹینڈنگ انجنئیر طارق مغل و دیگر افسران کے ہمراہ امینہ لیڈیز پارک چاندنی چوک نیو ٹاؤن، بہادرآباد اور لیاقت نیشنل اسپتال سے منسلکہ سڑک کے دورے کے دوران افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا پارک کے معائینے کے دوران انہوں نے ہدایت کی کہ امینہ لیڈیز پارک سے خوبصورت پودے آنے والے پی ایس ایل میچز کے حوالے سے شاہراہوں کو بہترین بنانے کے لئے استعمال میں لائے جائیں لیڈیز پارک کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مذکورہ پارک کو بہتری کی جانب گامزن کرنے کیلئے اقدامات بروئے کار لائے جائیں، شہر کو فیملی پارک کی صورت میں زیادہ سے زیادہ پارکوں کی ضرورت ہے جس کیلئے پہلے سے موجود پارکوں کو درستگی کی جانب گامزن کرنے کیلئے بلدیہ شرقی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے بہادرآباد سے منسلک شاہراہ کے فٹ پاتھ کی درستگی کیلئے اقدامات کرنے کے ساتھ یہاں موجود پارکنگ کے مسائل کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں پارکنگ کے مسائل دور کرنے کیلئے قانونی تقاضوں کا ہر صورت خیال رکھا جائے اس دوران انہوں نے مین ہولز کی صفائی کے بھی احکامات دئیے بعد ازاں انہوں نے لیاقت نیشنل اسپتال سے منسلک شاہراہ پر کھلے مین ہولز پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ فوری طور پر مین ہولز پر ڈھکنے رکھنے کے ساتھ ضلع کی مرکزی نوعیت کی شاہراہوں کا سروے کر کے اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ شاہراہوں پر موجود جومین ہول کھلے ہیں وہ کھلے نہ رہیں شہریوں کی جان ہمارے لئے بہت قیمتی ہے لہذا اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ جات قطعی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔

متعلقہ عنوان :