Live Updates

فواد چوہدری سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور میڈیا ہاؤسز مالکان کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

سندھ کی مجموعی صورت حال ،پی ٹی آئی کے تنظیمی امور ،وفاق کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں چلنے والے منصوبوں اور دیگر امور پر مشاورت میڈیا ہاؤسز کے مالکان اور پی بی اے نے ٹی وی چینلز پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس کا معاملہ حل کرنے پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا شکریہ ادا کیا

بدھ 16 جنوری 2019 17:32

فواد چوہدری سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی اور میڈیا ہاؤسز مالکان کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری سے تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں نے بدھ کو گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں سندھ کی مجموعی صورت حال ،پی ٹی آئی کے تنظیمی امور ،وفاق کے تحت کراچی سمیت صوبے بھر میں چلنے والے منصوبوں ،اتحادی جماعتوں سے تعلقات اور دیگر معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سندھ میں پی ٹی آئی کو مزید مضبوط کیا جائے گا اور عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید تیز کرکے ان کے مسائل کو حل کرنے کے لیے ہر سطح پر کوششیں کی جائیں گی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی کو عوام نے مینڈیٹ دیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترے گی ۔سندھ کے مسائل حل کرنے کے لیے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کررہی ہے ۔

ہم سندھ کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔دریں اثنا ذرائع نے مزید بتایاکہ کہ وفاقی وزیر اطلاعات سے گورنر ہاؤس میں میڈیا ہاؤسز کے مالکان نے بھی ملاقات کی ۔وفاقی وزیر اطلاعات ،میڈیا ہاؤسز کے مالکان اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے باہمی اتفاق رائے سے ٹی وی چینلز پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس کا معاملہ حل کیا ۔میڈیا ہاسز کے مالکان اور پی بی اے نے ٹی وی چینلز پر سرکاری اشتہارات کے ریٹس کا معاملہ حل کرنے پر فواد چوہدری کا شکریہ ادا کیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے ۔ہم میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں کے مسائل کو بتدریج حل کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں ۔وفاقی وزیراطلاعات نے میڈیا ہاسز کے مالکان کو کہا کہ وہ ملک کے مثبت پہلوں کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات