Live Updates

وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے

سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، ان مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی، کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا وزیراعظم عمران خان کی ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 17:56

وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے جبکہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی اور تکمیل میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس بات کا اظہار وزیراعظم عمران خان کی ایم کیو ایم کے ارکان قومی اسمبلی سے گفتگو کے دوران کیا گیا جنہوں نے بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی، وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم اور رکن قومی اسمبلی سیّد امین الحق شریک تھے۔ وزیر خزانہ اسد عمر، معاون خصوصی نعیم الحق، ممبر قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں صوبہ سندھ اور کراچی حیدرآباد جیسے بڑے شہروں کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالہ سے بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

دونوں جماعتوں کے مابین اتحادی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سندھ کے عوام کو درپیش مسائل کا ادراک ہے، ان مسائل کے حل کیلئے وفاقی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے صوبائی سطح پر دونوں جماعتوں کے درمیان کوآرڈینیشن کی مزید بہتری کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم آئندہ ماہ حیدرآباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات