اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملی مسلم لیگ کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کے لئے دائر درخواست پر سماعت 20فروری تک ملتوی کر دی

بدھ 16 جنوری 2019 18:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ملی مسلم لیگ کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کے لئے دائر درخواست پر سماعت 20فروری تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے سماعت کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر ملی مسلم لیگ کی جانب سے راجہ رضوان عباسی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود پارٹی رجسٹر نہیں کر رہا، سیاسی جماعت کے لیے الیکشن کمیشن کی تمام شرائط کو پورا کر دیا ہے، پاکستان میں جماعت الدعوة انڈر آبزرویشن ہے،اقوام متحدہ جماعت الدعوة پر پابندی عائد کر چکی ہے، ملی مسلم لیگ کی کوئی بھی فنڈنگ پوشیدہ طریقے سے نہیں ہوتی۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن کا معاملہ اتنا پیچیدہ نہیں جتنا الیکشن کمیشن نے بنا دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے استدعا کی کہ مجھے تیاری کے لیے کچھ مہلت دیں،وزارت داخلہ سے کلیئرنس کا انتظار ہے۔عدالت نے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔