ایس ای سی پی اور وزارت خزانہ خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے پشاور میں پبلک سیکٹر کی کمپنیوں میں کارپوریٹ گورننس کے موضوع پر ورکشاپ

بدھ 16 جنوری 2019 18:32

ایس ای سی پی اور وزارت خزانہ خیبرپختونخوا کے باہمی اشتراک سے پشاور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان اور وزارت خزانہ خیبرپختونخوا کے کارپوریٹ گورننس یونٹ کے باہمی اشتراک سے پشاور میں خیبرپختونخوا کی پبلک سیکٹر کی کمپنیوں میں کارپوریٹ گورننس کے موضوع پر ورکشاپ منعقد کی گئی۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

صوبائی وزارت خزانہ کے کارپوریٹ گورننس یونٹ کے سربراہ عمر خالد نے خیبرپختونخوا کی پبلک سیکٹر کمپنیوں، ان کی کارکردگی اور ان میں بہترین کارپوریٹ گورننس کے نفاذ کے سلسلہ میں صوبائی حکومت کی کوششوں کے بارے میں بتایا۔ ایس ای سی پی کے ایڈیشنل رجسٹرار آف کمپنیز، وسیم احمد خان نے پبلک سیکٹر کمپنیوں کے کارپوریٹ گورننس رولز 2015ء کے چیدہ چیدہ پہلوئوں سے آگاہ کیا اور کمپنیوں میں بہترین کارپوریٹ گورننس کے فوائد پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

وسیم احمد نے پبلک سیکٹر کمپنیوں میں گورننس کے نظام کو بہتر بنانے اور اس سلسلہ میں درپیش چیلنجز پر بھی بات کی۔ انہوں نے ایس ای سی پی کے ریگولیٹر ی فریم ورک، اس کے مقاصد اور انضباطی قواعد پر عملدرآمد کیلئے ایس ای سی پی کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ صوبائی حکومت اپنے زیر انتظام کمپنیوں کی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ جاری کیا کرے تا کہ کمپنیوں کے مابین مقابلے کا رجحان پیدا ہو۔

ایس ای سی پی کے رجسٹرار سے شرکاء کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی سیکرٹری خزانہ خیبرپختونخوا نے اس مفید ورکشاپ کے انعقاد میں تعاون پر ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کیا اور پبلک سیکٹر کمپنیوں میں کارپوریٹ گورننس کے نفاذ کیلئے ایس ای سی پی کی کاوشوں کو سراہا۔ ورکشاپ میں صوبائی حکومت کے زیر انتظام کمپنیوں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔