Live Updates

خرم شیر زمان کی طرف سے اٹھارہویں ترمیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم

پی ٹی آئی قومی ادارہ برائے امراض قلب، امراض اطفال اور جناح ہسپتال کا آڈٹ بھی کرائے گی،رکن سندھ اسمبلی

بدھ 16 جنوری 2019 18:48

خرم شیر زمان کی طرف سے اٹھارہویں ترمیم پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے اٹھارہویں ترمیم کے معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف قومی ادارہ برائے امراض قلب، امراض اطفال اور جناح ہسپتال کا آڈٹ بھی کرائے گی اور ان اداروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جائے گا۔

انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ این آئی سی ایچ، این آئی سی وی ڈی اور جناح ہسپتال کو وفاقی حکومت کے اختیار میں رکھے جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ وفاق میں تحریک انصاف کی حکومت کراچی کی ترقی اور خوشحالی چاہتی ہے۔ تحریک انصاف کا سب سے اہم مقصد عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات دینا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کے پاس ان ہسپتالوں کے اختیارات کا سب سے زیادہ فائدہ عوام کو ہوگا۔ عوام کو جو سہولیات مفت بہم پہنچائی جاسکتی ہیں، پہنچائی جائیں گی۔ عوام کو بین الاقوامی معیار کی خدمات مہیا کی جائیں گی۔ اٹھارہویں ترمیم پر عدالت کے فیصلے کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے دائرئہ اختیار میں جتنے بھی ادارے ہیں، سب کا حال ہمارے سامنے ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما عوامی مفادات پر پارٹی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہاں صحت و صفائی اور تعلیم کا معیار ناقابل اعتبار ہے۔ اگر وفاقی حکومت کراچی کے لوگوں کے لیے ان اداروں کے ذریعے بہتری لانا چاہے تو اس پر سندھ حکومت سمیت کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات