جامعہ سندھ میں گرینڈ ایجوکیشنل ایکسپو شروع ہو گئی، شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے افتتاح کیا

بدھ 16 جنوری 2019 19:20

حیدر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) جامعہ سندھ جامشورو، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اور لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے طلباء کی ایجوکیشنل سوسائٹیز کی جانب سے گرینڈ ایجوکیشنل ایکسپو جامعہ سندھ میں شروع ہو گئی۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے مہمان خصوصی کی حیثیت میں اس شاندار ایکسپو کا افتتاح کیا۔

اس سلسلے میں آرٹس فیکلٹی بلڈنگ کے شیخ ایاز آڈیٹوریم میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ جامعہ سندھ معیاری تعلیم کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کا بھی مرکز بن چکی ہے۔ طلباء و طالبات کو ان کی صلاحیتوں کے اظہار کیلئے بھرپور مواقع مل رہے ہیں جس کے بعد وہ مختلف علمی، ادبی، ثقافتی، ذہنی آزمائش کے پروگرامز میں حصہ لے کر خود کو منوا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس قسم کی صحت مند سرگرمیاں تعلیمی اداروں کی شان ہوتی ہیں، جن کے ذریعے طلباء کی ہمت افزائی ہونے کے ساتھ اداروں کو بھی ایک نئی پہچان ملتی ہے۔ ڈاکٹر برفت نے مزید کہا کہ جامشورو علم کا مرکز ہے، جہاں تین بڑی جامعات علم و شعور کی روشنی پھیلا رہی ہیں ان تینوں جامعات کے طلباء کی جانب سے مشترکہ طور پر گرانڈ ایجوکیشنل ایکسپو 2019ء منعقد کرنا بہترین عمل ہے، جس کا ہم نہ صرف خیر مقدم کرتے ہیں بلکہ اس قسم کے پروگرامز کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرواتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کا شیخ ایاز آڈیٹوریم، شہیدبینظیر بھٹو چیئراور کنوینشن سینٹر، سندھیالوجی کا پیر حسام الدین راشدی آڈیٹوریم اس وقت یادگار اور شاندار علمی، ادبی و ثقافتی پروگرامز کے مرکز بن چکے ہیں اور وہاں آئے دن کوئی نہ کوئی تقریب منعقد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ کو عالمی معیار کی یونیورسٹی بنانا میرا خواب ہے جس کیلئے کامیاب پیش رفت کے سلسلے شروع ہو گئے ہیں جامعہ سندھ کا کیو ایس ایشیا رینکنگ میں 450 بہترین جامعات میں شامل ہونا، آئی ایس او سرٹیفائیڈ ہونے کے بعد این آر پی یو کے منظورہ شدہ تحقیقی پروجیکٹس میں پاکستان کی 115 سرکاری و غیر سرکاری جامعات میں سے جامعہ سندھ کا دسویں نمبر پر آنا اور اس کے 30 تحقیقی پروجیکٹس کی منظوری اہم کامیابیاں ہیں۔

ان اہم کامیابیوں میں جامعہ کے اساتذہ، افسران کے علاوہ تمام ملازمین کا تعاون شامل ہے اس تعاون کے ذریعے مزید کامیابیاں حاصل کی جائیں گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ جامعہ سندھ کے معیاری اور پرسکون تعلیمی ماحول میں اس قسم کی تقریبات ماحول کی خوبصورتی میں مزید اضافے کے ساتھ طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گی اس موقع پر جامعہ سندھ کی مختلف فیکلٹیز کے ڈین صاحبان، شعبوں کے سربراہاں اور اساتذہ کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے یادگار شیلڈز بھی دیں اس موقع پر ڈائریکٹر آئی بی اے پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاہ، ڈائریکٹر بیورو آف اسٹیگس ڈاکٹر سمیرا عمرانی، گرانڈ ایجوکیشنل ایکسپو 2019ء کے ڈائریکٹر جنرل ارشد خاصخیلی، جامعہ سندھ کے طلباء کی سندھ ایجوکیشنل سوسائٹی، مہران یونیورسٹی کے میوٹ انٹیلجینشیا اور لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے اسٹڈی ایڈ فائونڈیشن کے آرگنائیزز آفتاب میمن، اشتیاق اعظم و دیگر بھی موجود تھے۔

دو روز تک جاری رہنے والے اس ایکسپو میں لیکچر پروگرامز، ورکشاپس، تقریری مقابلے، نیلام گھر شو، فوڈ کورٹ، پینل ڈسکشن، ڈراموں سمیت مختلف پروگرامز کا اہتمام کیا گیاہے، جس میں تینوں جامعات کے طلباء و طالبات سمیت سندھ کے مختلف تعلیمی اداروں سے آئے ہوئے طلباء و طالبات بھی حصہ لیں گے۔ افتتاحی تقریب میں جامعہ سندھ کے ڈینز، ڈائریکٹرز، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، اساتذہ و طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔